بارش کا سلسلہ جمعے تک، احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں: شہری دفاع
جمعرات 24 نومبر 2022 0:07
بارش کا سلسلہ مکہ، مدینہ اور ان کے ساحلی مقامات تک پھیل جائے گا ( فوٹو عکاظ)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’مکہ اور جدہ سمیت چھ کمشنریوں میں بدھ کو شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ جمعے تک جاری رہے گا‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ ’موسمیات کے قومی مرکز نے اپنی تازہ رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں جمعے تک بارش جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔‘
شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ’ وہ بارش سے بچاؤ کے لیے تمام احتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں۔ مکہ مکرمہ کے علاوہ جدہ، رابغ، طائف، الجموم، الکامل، خلیص اور اللیث میں بارش کا امکان ہے‘۔
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ جازان، عسیر اور باحہ کے بالائی مقامات پر پہلے گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی اور اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ اس کا سلسلہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ان کے ساحلی مقامات تک پھیل جائے گا جبکہ تبوک، الجوف، حائل اور حدود شمالیہ بھی بارش کی زد میں ہوں گے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’جمعرات کی صبح حدود شمالیہ، القریات، طریف اور الشرقیہ کے ساحلی مقامات پر دھند چھائی رہے گی‘۔