دبئی ایئرپورٹ سے تین ماہ میں 18 ملین افراد سفر کریں گے
سالانہ کی بنیاد پر 167.9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی ایئرپورٹ کارپوریشن میں چیف آپریشنز آفیسر ماجد الجوکر نے کہا ہے کہ ’دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سال رواں کے دوران توقع سے کہیں زیادہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘
’جنوری سے ستمبر 2022 کے دوران 46.3 ملین سے زیادہ مسافروں کا خیرمقدم کیا گیا جبکہ سالانہ کی بنیاد پر 167.9 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ’ سال رواں کی آخری سہ ماہی کے دوران 18 ملین سے زیادہ افراد دبئی ایئرپورٹ سے سفر کریں گے۔‘
الامارات الیوم کے مطابق ماجد الجوکر نے کہا کہ ’دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بین الاقوامی مسافروں کی تعداد کے حوالے سے بڑے ایئرپورٹس کی فہرست میں عالمی سطح پر سرفہرست ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دبئی ایئرپورٹ نے سال رواں کی تیسری سہ ماہی کے دوران ماہانہ اوسط کارکردگی کا نیا ریکارڈ 60 لاکھ سے زیادہ افراد کو سفر کی سہولت فراہم کرکے قائم کیا ہے۔ وبا کے بعد یہ اعدادوشمار سب سے زیادہ ہیں۔‘
دبئی ایئرپورٹ کارپوریشن کے چیف آپریشنز آفیسر نے کہا کہ ’سالانہ کی بنیاد پر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں کی تعداد 2024 میں معمول پر آنے کی توقع ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ’ فی الوقت 180 فضائی اور کارگو کمپنیاں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سرگرم ہیں، پرائیویٹ فضائی کمپنیاں اس سے مستثنیٰ ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ’ رواں سال نومبر کے دوران دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں پر شیڈولڈ نشستوں کی تعداد 4.23 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ شیڈولڈ نشستوں کی گنجائش کے حوالے سے سب سے بڑے انٹرنیشل ایئر پورٹس کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔‘