Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کی  تعداد میں زبردست اضافہ

گزشتہ سال دبئی انٹرنیشنل دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے گزشتہ سال کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں مسافروں میں زبردست اضافے کے بعد اس سال کے لیے اپنی پیشگوئی بڑھا کر64.3 ملین افراد تک پہنچا دی ہے۔
روئٹرز نیوز کے مطابق دبئی ایئرپورٹس کے سرکاری آپریٹر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی سفر کے لیے دبئی اہم گیٹ وے ہے جہاں سے ستمبر 2022 تک تیسری سہ ماہی میں تقریباً 18.5 ملین مسافروں کو ہینڈل کیا گیا جو ایک سال قبل کے اس عرصہ میں یہ تعداد 6.7 ملین تھی۔

 مسافروں کی پیشگوئی بڑھا کر 64.3 ملین کر دی گئی ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

دبئی ائیرپورٹ نے اس سال اب تک 46.3 ملین سے زیادہ مسافروں کو ہینڈل کیا ہے جو سال بہ سال 168 فیصد زیادہ ہے اور عالمی وبا کورونا سے قبل 2019 کے ابتدائی نو مہینوں میں فضائی ٹریفک کا تقریباً 72 فیصد ہے۔
واضح رہے کہ تیسری سہ ماہی میں دبئی سے لندن کے لیے مسافروں کی تعداد 2 ملین کے ساتھ سرفہرست رہی جب کہ اس کے بعد سعودی عرب کے شہر ریاض اور انڈیا کے شہر ممبئی کے مسافروں کا نمبر آتا ہے۔

دبئی ایئرپورٹ بین الاقوامی سفر کے لیے اہم گیٹ وے ہے۔ فوٹو عرب نیوز

دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافروں کی آمدورفت تیسری سہ ماہی میں کورونا سے پہلے کی سطح پر واپس آگئی ہے کیونکہ اس میں ستمبر کے تین مہینوں میں 18.45 ملین زائرین تھے جو2020 کی پہلی سہ ماہی میں 17.8 ملین کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔
دبئی ائیرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفسر پال گریفتھس نے بتایا ہے کہ رواں سال مسافروں کی آمدورفت میں اضافہ شاندار رہا اور یہ ہماری توقعات سے کسی حد تک آگے بڑھ رہا ہے۔
پال گریفتھس نے بیان میں کہا ہے کہ 2022 کے لیے مسافروں کی پیشگوئی بڑھا کر 64.3 ملین کر دی گئی ہے جس میں آخری سہ ماہی میں بہت زیادہ مسافروں کی آمدورفت کا امکان ہے۔

آخری سہ ماہی میں زیادہ مسافروں کی آمدورفت کا امکان ہے۔ فوٹو گلف نیوز

اعداد وشمار کے مطابق سال2021 کے دوران دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ انٹرنیشنل مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ رہا ہے۔
انٹرنیشنل ایئرپورٹس کونسل کی سالانہ رپورٹ میں دنیا بھر کے 10 مصروف ترین ہوائی اڈوں کو پیش کیا گیا جن کا 2021 میں عالمی ٹریفک کا تقریباً 10 فیصد حصہ تھا۔
گزشتہ سال مسافروں کی آمدورفت کے لیے سرفہرست 10 ہوائی اڈوں میں سے آٹھ امریکہ میں تھے جب کہ دو چین میں ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
 

شیئر: