Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے دوطرفہ تعلقات کا مستقبل خوشحال ہے‘

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔ فوٹو: ایس پی اے
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ تھائی لینڈ سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا بلکہ خوشحال مستقبل کی بھی امید پیدا ہوئی۔
عرب نیوز کے مطابق رواں سال جنوری میں تھائی لینڈ کے وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سطح پر تعلقات بحال ہوئے اور 30 سالوں میں پہلی مرتبہ دونوں ممالک نے سفیر تعینات کیے۔ 
اس کے بعد تھائی لینڈ میں 18 سے 19 نومبر کو ہونے والی ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے سربراہی اجلاس میں ولی عہد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
تھائی لینڈ میں سعودی سفیر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السحیبانی نے عرب نیوز کو بتایا کہ 1975 میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات استوار ہونے کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سعودی سربراہان میں سے کسی نے بینکاک کا دورہ کیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات وسعت اختیار کرنے سے خوشحال مستقبل کی امید ہے۔
’سعودی ویژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرتے ہوئے ایسے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے جن سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ معاشی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جائے۔‘
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور تھائی وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے نتیجے میں توانائی، سرمایہ کاری، سیاحت اور انسداد بدعنوانی سے متعلق کئی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
سعودی ولی عہد کے بینکاک پہنچنے پر ملک کی اعلٰی قیادت اور شاہی خاندان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

تھائی وزیراعظم نے جنوری میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ فوٹو: ایس پی اے

تھائی لینڈ کے شہریوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دورے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ولی عہد کی آمد ان کے لیے فخر کا باعث ہے۔
تھائی لینڈ میں سعودی سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اب درست سمت میں گامزن ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید مضبوط اور جامع ہوں گے۔
’سعودی سفارتخانہ تاریخی دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں اور یادداشتوں پر عمل درآمد کروانے پر تمام تر توجہ مرکوز کرے گا۔‘
سعودی عرب کے ساتھ تعلقات بحال ہونے سے تھائی لینڈ کو نہ صرف توانائی کی عالمی مارکیٹ کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مضبوط پارٹنر مل گیا ہے بلکہ مشرق وسطیٰ تک رسائی کا راستہ بھی کھل گیا ہے۔
تعلقات کی بحالی سے تھائی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے خلیجی ممالک اور دیگر میں بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
بینکاک کے انسٹی ٹیوٹ آف سکیورٹی اور انٹرنیشنل سٹڈیز کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ تعلقات سے تھائی لینڈ کو مشرق وسطیٰ کی مارکیٹ میں داخل ہونے کا موقع ملے گا، سعودی عرب کے بغیر بہت سے دروازے بند تھے، اب مزید دروازے کھلیں گے۔‘ 
کاروباری ماہر سپالرک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے سے تھائی لینڈ کو بہت ہی بڑا موقع فراہم ہوا ہے اور اب مشرق وسطیٰ کے ساتھ کاروباری شعبوں میں سہولت ہوگی۔
سفیر کا کہنا ہے کہ ’دونوں ممالک کے درمیان بہت سے شعبوں میں مماثلت ہے بالخصوص مہمان نوازی، سخاوت، دوستی، اور سب سے زیادہ اہم یہ کہ دونوں کا کلچر بھی وسیع ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’اس سے ہماری حوصلہ افزائی ہوگی کہ تعلقات اور لوگوں کے درمیان بات چیت کے عمل کو مضبوط کریں اور سماجی، ثقافتی اور مذہبی شعبوں میں تعمیری ڈائیلاگ کو فروغ دیں۔‘

شیئر: