’ہمت نہیں ہاریں گے‘ سعودی ٹیم کے کوچ کا کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فخر
فٹ بال انفرادی نہیں اجتماعی کھیل ہے، کامیابی اور ناکامی ہوتی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی قومی فٹبال ٹیم کے فرانسیسی کوچ رینارڈ نے پولینڈ کے خلاف میچ میں ٹیم کی کارکردگی کو بہتر قراردیتے ہوئے مجموعی طور پرکھلاڑیوں کی پرفارمنس پر فخر کا اظہار کیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودی فٹبال ٹیم کے کوچ ہیرفی رینارڈ نے کہا کہ ’ہم قسمت کی وجہ سے نہیں ہارے بلکہ اس لیے کہ ہم کسی بڑے ایونٹ میں نہیں تھے، میں تمام کھلاڑیوں کو سپورٹ کروں گا‘۔
رینارڈ نے کہا کہ’مجھے اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ فٹ بال انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی کھیل ہے جس میں کامیابی اور ناکامی ہوتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب ہمارا ایک ہی میچ ہے اور ہمیں اس پرمکمل فوکس کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ٹورنامنٹ میں آخری سیکنڈ تک کھلیں گے اور ہمت نہیں ہاریں گے‘۔
سعودی قومی ٹیم کے کوچ نے بتایا کہ’ نواف کو ٹخنے کی انجری کے باعث میچ میں داخل ہونے کے بعد تبدیل کیا گیا۔ ہم ورلڈ کپ میں اپنے گروپ کا تیسرا میچ میکسیکو کے خلاف بھی اسی توانائی کے ساتھ کھیلیں گے‘۔
واضح رہے فیفا ورلڈ کپ میں سنیچر کو سعودی ٹیم کا پولینڈ کے ساتھ دوسرا میچ تھا جو پولینڈ نے دو گول سے جیتا۔ میچ کے پہلے ہاف کے 40 منٹ میں پولینڈ نے ایک گول کیا۔ سعودی کھلاڑی سالم الدوسری کے گھنٹے میں چوٹ لگنے کی وجہ سے انہیں نکال لیا گیا تھا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں سعودی ٹیم نے گول کرنے کی بڑی کوشش کی اور جارحانہ کھیل پیش کیا مگر پولینڈ کے گول کیپرنے کسی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیا۔
دوسرے ہاف کے آخر میں پولینڈ کی ٹیم نے دوسرا گول بھی کرکے کامیابی حاصل کرلی۔