Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھائی میری انگریزی صرف 30 فیصد ہے جو ختم ہوگئی ہے: نسیم شاہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے کافی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے۔
منگل کے روز نسیم شاہ نے پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے۔
پریس کانفرنس کے دوران غیر ملکی صحافی نے نسیم شاہ کی عمر 19 سال کے ہونے اور انگلش بولر جیمز اینڈرسن کی عمر 40 سال ہونے کے بارے میں سوال کیا اور ان کے بارے میں نسیم شاہ کے تاثرات پوچھے۔
اس کے جواب میں نسیم شاہ کہتے ہیں کہ ’میرے خیال سے یہ بہت بڑی کامیابی ہے کہ وہ (جیمز اینڈرسن) 40 سال کے ہو کر بھی فاسٹ بولنگ کر رہے ہیں، ہم ان سے بہت کچھ سیکھتے ہیں، وہ ابھی بھی کھیل رہے ہیں، میرے خیال سے وہ 40 سال کے ہیں تو آپ سوچ سکتے ہیں کہ وہ کتنی محنت کر رہے ہیں۔‘
اس سوال کے جواب کے بعد صحافی نے جیمز اینڈرسن کی صلاحیت کے بارے میں جاننا چاہا تو نسیم شاہ بولے ’بھائی میری انگریزی صرف 30 فیصد ہے جو کہ اب ختم ہوگئی ہے۔‘
انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہونے والے شاہین شاہ کی عدم موجودگی کے بارے میں نسیم کہتے ہیں کہ ’زندگی کا یہی مزہ ہے کہ آپ چیلنج لیتے ہو، جیسے سری لنکا میں بھی شاہین انجرڈ ہوا تھا تو میں نئی گیند کروا رہا تھا، اسی طرح میری کوشش ہوگی کہ ٹیم کی جو ضرورت ہے اسی طرح بولنگ کروں، کوشش کروں گا کہ نئی گیند کو اچھا استعمال کروں۔‘
پچ کے بارے میں کیے گئے سوال کے جواب میں نسیم شاہ کہتے ہیں کہ ’میں پچ پر بالکل بھروسہ نہیں کرتا ہوں، جب تک پہلی گیند نہیں کرتا تو نہیں پتا چلتا کہ کیسی پچ ہے، جیسی بھی پچ ہو، آپ کو اچھی بولنگ کرنی ہوتی ہے۔‘
انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو آؤٹ کرنے کے بارے میں نسیم نے کہا کہ 'دیکھیں گے کہ وہ کیسے کھیلتے ہیں، ہر کھلاڑی اپنا انفرادی پلان بناتا ہے، تو دیکھیں گے کہ وہ کیسے کھیل رہے ہیں اور ٹیم کو کس چیز کی ضرورت ہے۔'
فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنے کاؤنٹی کرکٹ کے تجربے کے بارے میں کہا کہ 'میرے خیال سے گزشتہ سال کا کاؤنٹی سیزن میرے لیے بہت اچھا تھا، میں نے کاؤنٹی سے بہت کچھ سیکھا ہے، وہاں کی پچز سے آپ بہت کچھ سیکھتے ہو، برطانیہ میں آپ کو بولنگ کرنے کے لیے کنڈیشن کو سمجھنا پڑتا ہے کیونکہ وہ پاکستان سے بہت مختلف ہوتی ہیں۔'

شیئر: