Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ : امریکی سپورٹس رپورٹر نے اپنی ویڈیو کیوں ڈیلیٹ کی؟

اس میں خواتین کے لیے ان کے مذہبی عقائد کے احترام کا معاملہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
فاکس سپورٹس چینل کی رپورٹر نے قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے دوران عرب نیوز کی رپورٹر کی جانب سے توجہ دلانے پر سوشل میڈیا سے اپنی تشہیری ویڈیو  ڈیلیٹ کر دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی سپورٹس جرنلسٹ جینی ٹافٹ نے سٹیڈیم میں داخلے کے لیے صنفی طور پر الگ الگ راستوں اور سیکیورٹی چیک پراپنے ٹک ٹاک اکاونٹ پرطنزیہ انداز میں مذاق اڑایا تھا۔

ہماری ذمہ داری ہے کہ غلط معلومات پھیلانے سے پہلے اس کی تحقیق کریں۔ فوٹو ٹوئٹر

جینی ٹافٹ نے اس ویڈیو میں اپنے چہرے سے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطر میں مجھے خواتین کے لیے خصوصی گیٹ سے گزرنا پڑا جو مجھے اچھا نہیں لگا۔
عرب نیوز کی رپورٹر لما الحموی نے خاتون رپورٹرجینی  ٹافٹ کو اس کے انداز کی جانب بھرپور توجہ دلائی ہےجس کے باعث امریکی رپورٹرکو اپنی اس ناگوار ویڈیو کو ہٹانا پڑا۔
لما الحماوی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آپ نے دنیا کے بہت سے موضوعات کا احاطہ کرتے ہوئے مختلف ممالک کا سفر کیا لیکن میں یہاں آپ کو ایک ساتھی رپورٹر کے طور پر کچھ مشورہ دینا چاہتی ہوں۔
صحافی کے طور پر ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کسی بھی معلومات، غلط معلومات یا متعصبانہ بیان بازی کو پھیلانے سے پہلے اس موضوع کو مکمل طور پر سمجھنے اور اس کی تحقیق کرنے کے لیے پوری تندہی سے کام کریں۔

اس مخلص انداز کے ساتھ سب کو تعلیم دینے کے لئے آپ کا شکریہ۔ فوٹو ٹوئٹر

اب آئیے قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں خواتین کے داخلی  گیٹ کے بارے میں بات کریں جس کے بارے میں آپ نے توجہ دلائی ہے… تو یہ ایک ایسا لفظ ہے جو مخصوص دروازے کی مکمل وضاحت کرتا ہے۔
اس میں خاص طور پر خواتین کے لیے ان کے مذہبی عقائد کے احترام کا معاملہ ہے۔ عورت نہیں چاہتی کہ مخلوط گیٹ سے گذرے اور اسی طرح مرد بھی نہیں چاہتے۔
یہ کسی ملک میں داخل ہوتے ہی وہاں کے مذہبی عقائد اور حدود کے احترام  کا معاملہ ہے آپ نے اس خیال کی طرف اشارہ کیا کہ یہ امتیازی سلوک یا جنس پرستی پر مبنی تھا لیکن یہ اس سے بہت مختلف ہے یہ خواتین کے  احترام  کا انداز ہے۔

مجھے خواتین کے لیے خصوصی گیٹ سے گزرنا پڑا جو اچھا نہیں لگا۔ فوٹو ٹوئٹر

لما نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اب جس طرح  آپ نے اپنی ویڈیودکھائی ہے اور تاثرات کا اظہار کیا ہے اس کا اندازہ لگاتے ہوئےمیں یہ کہوں گی کہ  یہ ایک ایسا لفظ ہے جو آپ کے لیے اجنبی ہے اور ایسا کچھ ہے جسے شاید آپ پوری طرح سے سمجھ نہیں پائیں۔
عرب نیوز کی رپورٹر کی جانب سے سمجھانے کے اس انداز پر سوشل میڈیا پر ایک صارف نےاظہار خیال کیا ہے کہ اس پہلو پر مثبت انداز سے روشنی ڈالنے اور اس کا بہترین طریقے سے جواب دینے کے لیےلما کا شکریہ۔
ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ آپ نے کیا خوب کہا اس مخلص انداز کے ساتھ سب کو تعلیم دینے کے لئے آپ کا شکریہ۔
لما الحموی کے  ویڈیو پر جاری ہونے والے بیان اور اس پر مختلف قسم کے مثبت تبصروں کے بعدامریکی رپورٹرجینی ٹافٹ نے سوشل میڈیا سے اپنی  ویڈیو  حذف کر دی ہے۔
 

شیئر: