Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہم پاکستان جیتنے آئے ہیں، بابر اعظم کی وکٹ اہم ہے: جیمز اینڈرسن 

پاکستان کی کنڈیشنز مختلف ہیں لیکن ہم سیریز جیتنے کے لیے آئے ہیں: جیمز اینڈرسن (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 17 سال بعد تاریخی ٹیسٹ سیریز پر انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کہتے ہیں کہ ’میں پاکستان آکر اچھا محسوس کر رہا ہوں، 17 سال بعد پاکستان میں کھیلنے کے لیے پر جوش ہوں۔‘ 
 جیمز اینڈرسن نے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں بہترین استقبال ملا، پاکستان کی کنڈیشنز مختلف ہیں لیکن ہم سیریز جیتنے کے لیے آئے ہیں۔‘ 
جیمز اینڈرسن 2005 میں پاکستان کا دورہ کرنے والے انگلش سکواڈ کا حصہ بھی تھے تاہم انہوں نے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا تھا۔ 
جیمز اینڈرسن نے کہا کہ بابر اعظم کی وکٹ اہم ہے لیکن دیگر بیٹرز کو بھی ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی بیٹنگ لائن سے متعلق کہا کہ پاکستان کی ٹیم کافی مضبوط ہے کسی ایک کھلاڑی پر فوکس نہیں کیا، پاکستان کو شکست دینے کے لیے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگا۔ 
انہوں نے کہا کہ بین سٹوکس اور برنڈن میکلم کی وجہ سے ٹیم غیر روایتی کرکٹ کھیل رہی ہے، فیلڈنگ اور بیٹنگ میں جارحانہ مزاج کی کرکٹ سے ٹیم کو فائدہ ہورہا ہے۔ اس ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی جاراحانہ انداز سے کرکٹ کھیلنی کی کوشش کریں گے۔ 
انگلش فاسٹ بولر نے کہا کہ ’پاکستان آنے سے قبل جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کی ویڈیوز دیکھیں ہیں، ہم پاکستان سیریز جیتنے آئے ہیں اور فرش مائنڈ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔‘ 
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جمعرات سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کے دیگر دو میچز کراچی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ 

شیئر: