Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ میں نیا سیاحتی مقام، ریزورٹ 2026 تک مکمل ہوگا

سعودی عرب سالانہ 100 ملین سے زائد سیاحوں کو راغب کرے گا(فائل فوٹو ایس پی اے)
ہاسپیٹلٹی فرم سیرا گروپ کے نائب صدر فہد العبیلان نے کہا ہے کہ ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ کے تعاون سے الباحہ میں ریزورٹ 2026 تک فعال ہو جائے گا۔
سعودی دارلحکومت ریاض میں ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل گلوبل سمٹ کے موقع پرعرب نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سیرا گروپ کے نائب صدر فہد العبیلان نے کہا کہ کمپنی کو ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ سے اس منصوبے کے لیے 136 ملین ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب 2030 تک ایک اعلیٰ درجہ کا سیاحتی مقام بننے جا رہا ہے جو سالانہ 100 ملین سے زائد سیاحوں کو راغب کرے گا۔
فہد العبیلان نے کہا کہ ’ ہم نے ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ کے تعاون سے الباحہ میں ایک سیاحتی مقام تیار کیا ہے۔ ہم وہاں ایک ریزورٹ تیار کر رہے ہیں جس میں ریٹیل لینڈ مارک کے ساتھ ساتھ ایکٹیویشن سینٹر بھی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ یہ منصوبہ 2026 تک مکمل ہو جائے گا‘۔
سیرا گروپ کی ڈیسٹینیشن مینجمنٹ کمپنی برانڈ ڈسکور سعودی کے بارے میں بات کرتے ہوئے فہد العبیلان نے کہا کہ ’کمپنی مسافروں کو سعودی عرب میں آرام دہ سفر میں مدد فراہم کر رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ڈسکور سعودی ایئر پورٹ پر ملنے اور دعا سلام کرنے سے لے کر ریستوراں کی بکنگ، ہوٹل کی بکنگ اور جب تک وہ ملک سے باہر نہیں جاتے مسافروں کی مدد کرے گی‘۔
فہد العبیلان نے کہا کہ ’ مکہ میں ہمارا ایک ہوٹل ہے۔ جدہ میں بھی ہمارے تین ہوٹل ہیں۔ جدہ میں دو ہوٹل کھلے ہیں۔ ریاض میں بھی ہمارا ہوٹل جلد ہی کھل جائے گا جب کہ العلا میں تقریباً 200 کمروں پر مشتمل ایک کاروباری ہوٹل کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی‘۔

2022 میں سفر اور سیاحت کا شعبہ دوبارہ ترقی کر رہا ہے(فائل فوٹو عرب نیوز)

سیرا گروپ کے نائب نے کہا کہ ’ 2022 میں سفر اور سیاحت کا شعبہ دوبارہ ترقی کر رہا ہے اور ان کا گروپ اس سال کی تیسری سہ ماہی میں منافع بخش ہو گیا ہے‘۔
انہوں نے مزید کہ ’ ہم نے2021 میں تھوڑی جدوجہد کی۔ لیکن، اس سال کی تیسری سہ ماہی میں ہم نے منافع کمانا شروع کیا اور ہم اسے 2021 کے مقابلے میں اچھی ترقی کہتے ہیں۔ سیرا گروپ نے 2019 کے منافع میں 28 فیصد اضافہ کیا ہے جو کہ ہمارے لیے ایک اچھی علامت ہے‘۔
فہد العبیلان نے کہا کہ سیرا گروپ کے کار رینٹل برانڈ لومی کو لسٹ میں لانے کا اقدام بتدریج آگے بڑھ رہا ہے۔

شیئر: