Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور مراکش کا سیاحت کے شعبے میں تعاون کے لیے معاہدہ

معاہدہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرنے میں مدد کرے گا(فوٹو ٹوئٹر وزارت سیاحت)
سعودی عرب اور مراکش نے سیاحت کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق  مفاہمت کی یادداشت پر سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب اور مراکش کی وزیر سیاحت، دستکاری اور سماجی و یکجہتی اقتصادیات فاطمہ زہرا عمور کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا کہ ’ سعودی عرب اور مراکش ثقافتی ورثے کے مقامات اور نیچرل میرین، پہاڑی اور صحرائی علاقوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کرتے ہیں اوراپنے ترقیاتی منصوبوں میں نوجوانوں کو ترجیح دینے کی خواہش رکھتے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ پائیداری کا مسئلہ سعودی سیاحت کے عزائم میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ اس لیے ایسے شراکت داروں کے ساتھ تعاون جو مراکش جیسا وژن رکھتے ہیں، ہمارے خطے اور پوری دنیا میں اس شعبے کو مضبوط بنانے میں مدد کرتا ہے‘۔
مراکش کی وزیر سیاحت فاطمہ زہرا عمور نے کہا کہ ’ مفاہمت کی یہ یادداشت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور شراکت داری کو مضبوط بنانے اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کے امکانات کو بڑھانے کے لیے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ مفاہمت کی یہ یادداشت مشترکہ انیشیٹوز، تجربات اور بہترین طریقوں کے تبادلے کا باعث بنے گا جس سے دونوں ممالک سیاحت میں اپنی صلاحیتوں کو فروغ دے سکیں گے‘۔
یہ معاہدہ تربیت اورعلم کے تبادلے میں اضافے اور سرمایہ کاری کے لیے نئے مواقع فراہم کرنے میں بھی مدد کرے گا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب اس وقت عرب دنیا میں مراکش کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔
مملکت نے 2020 میں اپنی رئیل سٹیٹ، سیاحت اور زرعی شعبوں میں 26.6 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔

شیئر: