Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

33 سال میں 10 ہزار نوادر، سعودی نے گھر کو عجائب گھر بنا دیا

عجائب گھر میں روزمرہ استعمال  ہونے والی قدیم اشیا ہیں (فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی شہری نے 33 سال تک نوادر جمع کر کے اپنے گھر کو نجی عجائب گھر میں تبدیل کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جدید العنزی کو نوادر جمع کرنے کا شوق ہے۔ روزمرہ کی زندگی میں استعمال  ہونے والی قدیم اشیا جمع کی ہیں۔
انہوں نے مدینہ منورہ کے ماتحت خیبر کمشنری میں نجی عجائب گھر بنال یا جو اب شہر کے قابل دید مقامات میں سے ایک ہے۔ 

 عجائب گھر اب شہر کے قابل دید مقامات میں سے ایک ہے  (فوٹو: العربیہ نیٹ)

جدید العنزی نے نوادر سے دلچسپی کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 33 سال سے میں تاریخی اشیا اور نوادر جمع کرتا رہا ہوں۔ 2015 میں عجائب گھر بنا لیا۔ اب یہ عوام و خواص کی دلچسپی کا محور بن گیا ہے۔ 
سعودی شہری کا کہنا ہے کہ اس نے ایک جانب تو رشتہ داروں اور دوستوں سے تاریخی اشیا حاصل کیں تو دوسری جانب اس نے مملکت کے ہر اس علاقے میں جہاں نوادر کی نیلامی ہوتی تھی خریداری کی۔
’اس حوالے سے خیبر اور مملکت کے دیگر علاقوں کے نوادر خاص طور پر حاصل کرتا رہا۔‘ 

قدیم صنعتی و زرعی آلات، پکوان کی تیاری میں استعمال ہونے والے برتن بھی ہیں (فوٹو: العربیہ نیٹ)

جدید العنزی کا کہنا ہے کہ اس کے گھر میں قائم میوزیم کے متعدد حصے ہیں۔ جن میں سعودی قہوے کی تیاری اور اسے پینے کے کام آنے والے برتن، تاریخی ہتھیار، قدیم صنعتی و زرعی آلات، پکوان کی تیاری میں استعمال ہونے والے برتن، آبپاشی  اور فوٹو گرافی کے قدیم آلات، غلہ پیسنے والی چکی، غلہ کوٹنے کے آلات، کھیتی باڑی کے آلات، کارپینٹر کے آلات ہیں۔
علاوہ ازیں قدیم تعلیمی وثقافتی کتابوں کا انتخاب بھی ہے جبکہ پرانے ملبوسات بھی ایک جگہ سجائے گئے ہیں۔ زیورات اور آرائشی اشیا بھی  محفوظ کی گئی ہیں۔ نایاب سکے، خنجر، نیزے اور تغرے وغیرہ بھی ہیں۔ 

قومی تقریبات اور مقامی میلوں ک اتعارف بھی پیش کیا گیا ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)

جدید العنزی نے بتایا کہ اس کے عجائب گھر میں نہ صرف یہ کہ قدیم اشیا اور نوادر ہیں بلکہ تعلیم و آگہی کے متعدد پروگرام بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔ بزرگ زندگی کس طرح گزارتے تھے اس حوالے سے بھی بہت کچھ ہے۔ قومی تقریبات اور مقامی میلوں کا تعارف بھی پیش کیا گیا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: