Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں 10 اہم تعلیمی عجائب گھر کون سے ہیں؟

’عجائب گھر غیر نصابی سرگرمیوں میں اہم درجہ رکھتے ہیں‘ (فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی عرب میں میوزیم کلچر کلب کے بانی سربراہ انجینیئر محمد حسان طاہر، جو عجائب گھروں کی عالمی تنظیم ’ایکوم‘ کے رکن بھی ہیں نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں قائم دس اہم تعلیمی عجائب گھروں میں سے ’اسرار عجائب گھر‘ خاص طور پر قابل ذکر ہے۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق انجینیئر محمد حسان طاہر کا کہنا ہے کہ ’عجائب گھر تعلیم اور تفکیر کی مہارت کے فروغ میں اہم کردارادا کرتے ہیں۔  طلبہ کو حقیقت کی دنیا میں لے جاتے ہیں۔ اس سے ان اذہان میں مختلف قسم کی سوچیں پیدا ہوتی ہیں اور مباحثے کا ماحول بنتا ہے۔‘

دار المدینہ عجائب گھر میں شہر کے  قیام سے  لے کر اب تک کی کہانی بیان کی گئی ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)

انہوں نے کہا کہ ’میں یہ تسلیم کرتا ہوں کہ سکولوں کے طلبہ کے لیے ضروری نہیں کہ وہ عجائب گھر جائیں۔ وہاں جانے کا کوئی خاص وقت بھی مقرر نہیں ہوتا لیکن یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ عجائب گھر غیرنصابی سرگرمیوں میں اہم درجہ رکھتے ہیں۔ ان کی بدولت بچوں میں تعلیم اور تربیت کے نئے در کھلتے ہیں۔‘ 
سعودی عرب میں 10 اہم تعلیمی عجائب گھر ہیں۔ ان کا تعارف طلبہ کے لیے مفید ہوگا۔ 

قدیم تعلیم عجائب گھر ریاض میں ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)

بچوں کا عجائب گھر: یہ ظہران شہر میں ہے۔ 12 برس تک کے بچوں کے لیے مملکت کا پہلا عجائب گھر مانا جاتا ہے۔ کھیلوں کے ذریعے بچوں کو مختلف تجربات کرائے جاتے ہیں۔ 
اسرار عجائب گھر: یہ ریاض پارک مال میں واقع ہے۔ یہاں آنے والے طلبہ خود کو پراسرار ماحول میں موجود پاتے ہیں۔ یہ ماحول بچوں کے حواس  کے لیے چیلنج کا باعث بنتا ہے۔ بچے  یہاں کے ماحول سے حیران ہو جاتے ہیں۔ بچوں کو ذہن اور حواس کے حوالے سے اپنی نوعیت کا منفرد ماحول ملتا ہے۔ بہت ساری ایسی باتیں ان کے سامنے آتی ہیں جن کے بارے میں انہوں نے کبھی سنا ہوتا ہے اور نہ کبھی پڑھا ہوتا ہے۔ 
سیرۃ طیبہ کا بین الاقوامی عجائب گھر: یہاں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا جامع تمدنی تعارف کرایا گیا ہے۔ پیغمبر اسلام کے اخلاق، آداب، رہن سہن کے طور طریقے، منفرد سائنٹفک انداز میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پیش کیے گئے ہیں۔ یہ عجائب گھر مسجد نبوی کے جنوب میں مدینہ منورہ میں واقع ہے۔ 

اسرار عجائب گھر آنے والے طلبہ خود کو پراسرار ماحول میں پاتے ہیں (فوٹو: العربیہ نیٹ)

سعودی قومی عجائب گھر: یہ سعودی عرب کا سب سے بڑا اور سب سے خوبصورت عجائب گھر ہے۔ یہاں آنے پر تاریخ کا سفر کچھ اس انداز سے طے کرنے کا موقع ملتا ہے کہ جیسے سب کچھ  آنکھوں کے سامنے ہو رہا ہے۔ یہ عجائب گھر سعودی دارالحکومت ریاض شہر کے کنگ عبدالعزیز ہسٹوریکل سینٹر میں واقع ہے۔ یہ وہاں آنے والوں کو عرب ثقافت اور آرٹ کے شاہکاروں سے متعارف کراتا ہے۔ 
مقدس شہروں کا عجائب گھر: یہاں فوٹو گرافی کی مدد سے دونوں مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی تاریخ اجاگر کی گئی  ہے۔ یہ دونوں شہر طویل عرصے تک فوٹو گرافروں کے کیمروں اور نظروں سے اوجھل رہے۔ یہاں نایاب تصاویر کا انتخاب خوبصورت انداز میں جمع کیا گیا ہے۔ عجائب گھر جدہ پارک مال میں واقع ہے۔ 
اثرا عجائب گھر: یہ 5 ہالز پر مشتمل ہے۔ مشرقی سعودی عرب کے معروف شہر ظہران میں واقع ہے۔ یہاں جدید آرٹ آباؤ اجداد کے آرٹ، اسلامی آرٹ اور جزیرہ نمائے عرب کی طبعی تاریخ کا انتخاب سجایا گیا ہے۔ 
الجزیرہ فالکن عجائب گھر: یہاں ہوابازی کے علوم و فنون کی تاریخ خوبصورت انداز میں پیش کی گئی ہے۔ یہاں دکھایا گیا ہے کہ  بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے ہاتھوں شہری ہوابازی کے ادارے نے ارتقا کا سفر کب، کس طرح اور کیسے طے کیا۔ یہاں سو برس سے زیادہ کے کارنامے ایک چھت تلے جمع کردیے گئے ہیں۔ یہ عجائب گھر سعودی دارالحکومت ریاض میں واقع ہے۔ 

سعودی قومی عجائب گھر بے حد خوبصورت ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)

دارالمدینہ عجائب گھر: یہ مدینہ منورہ کی تاریخ اور اس کے عمرانی و تمدنی ورثے کو نمایاں کرنے والا سب سے پہلا اور بڑا عجائب گھر ہے۔ یہاں سیرت طیبہ کے علمی نقوش اور مدینہ منورہ کے تاریخی ارتقا کو اجاگر کیا گیا ہے۔ شہر کے قیام سے اب تک کی پوری کہانی بیان کی گئی ہے۔ 
قدیم تعلیم عجائب گھر: یہ دارالحکومت ریاض میں واقع ہے۔ اس میں تعلیمی دنیا میں قدیم دنیا سے لے کر اب تک استعمال ہونے والے وسائل کو منفرد شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں تعلیم کی تاریخ نمایاں کی گئی ہے۔ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے عہد سےعصر حاضر تک تعلیم کا سفر کب، کہاں، کیسے اور کس طرح طے کیا گیا یہ سب کچھ دکھایا گیا ہے۔ 
تبوک ریجنل عجائب گھر: یہ تبوک ریجن کے اہم عجائب گھروں میں سے ایک ہے۔ یہاں آپ ریجن کی تاریخ اور اس کا قدیم ورثہ ایک نظر میں دیکھ سکتے ہیں۔ عجائب گھر میں جدید و قدیم ٹیکنالوجی کی قوس قزح دیکھنے کو ملتی ہے۔ تبوک کے ورثے اور اس کی تاریخ پر مشتمل علاقائی شناخت پرکشش انداز میں پیش کی گئی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: