’عمران خان اسمبلیاں نہ توڑیں تو اچھا ہے اور توڑیں تو بہت اچھا ہے‘
جمعرات 1 دسمبر 2022 17:44
زین علی -اردو نیوز، کراچی
وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں صحت سمیت تمام شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیراعلٰی سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ’عمران خان اگر اسمبلیاں نہ توڑیں تو اچھا ہے اور توڑیں تو بہت اچھا ہے۔‘
جمعرات کو کراچی میں 15 ویں اردو کانفرنس سے خطاب کے بعد اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تجربہ کار سیاست دان خارجہ امور پر مہارت رکھنے کی بات کرتے ہیں لیکن سب سے دیکھا ہے کہ ملک کے کم عمر وزیر خارجہ نے سیلابی صورتحال میں دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ رکھا، اور دنیا کو قائل کیا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان پر کس طرح نظر انداز ہو رہے ہیں۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قیام پاکستان سے آج تک سندھ نے کئی ایسے اقدامات کیے ہیں جنہیں بعد میں ملک بھر میں اپنایا گیا ہے۔
’ہماری دھرتی امن اور محبت کی دھرتی ہے۔ سندھ سے ہمیشہ پیار اور بھائی چارگی کا پیغام جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں تجربہ کار وزیر خارجہ رہے ہیں لیکن چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے جس انداز میں پاکستان کی بات دنیا کے سامنے رکھی ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔
اس سے قبل آرٹس کونسل آف پاکستان میں اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے مثبت کاموں پر بات نہیں کی جاتی۔ آج دنیا بھر کے سامنے سندھ کا ایک مثبت چہرہ پیش کرنے پر آرٹس کونسل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں صحت سمیت تمام شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ آرٹس کونسل سے 100 میٹر کے فاصلے پر سندھ اسمبلی ہے جہاں پاکستان کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ یہ شاعر، ادیب ، دانشور اپنی مثال آپ ہیں۔ یہ ادبی میلہ پوری دنیا کے سامنے پاکستان کا روشن چہرہ پیش کرے گا۔