اگر اسمبلیاں توڑ دی گئیں تو انتخابات کے لیے تیار ہیں: عطا اللہ تارڑ
عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں توڑنے کے حامی نہیں لیکن الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اولین کوشش ہے کہ اسمبلیاں نہ توڑیں لیکن اگر توڑ دی گئیں تو انتخابات کے لیے تیار ہیں۔
جمعے کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل روکنے کے لیے تحریک عدم اعتماد کا پیش ہونا ہی کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم اسمبلیاں توڑنے کے حامی نہیں لیکن اگر توڑ دیں انہوں نے تو الیکشن کے لیے تیار ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی لوگوں کو فون کر رہے ہیں کہ اسمبلیوں کی تحلیل کی مخالفت کرنی ہے۔
عطااللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ مونس الٰہی نے کل متنازع بیان دے کر حالات کا رخ بدلنے کی کوشش کی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ کے مطابق ’میں نے پرویز الہی کو وزارت اعلٰی کے لیے مرتے ہوئے دیکھا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ مونس الٰہی اور ان کے والد نہیں چاہتے کہ پنجاب اسمبلی ٹوٹے۔
’اپنے بیٹے سے متنازع بیان دلوانے کا مقصد تنازعات میں الجھانا اور اسمبلی کی تحلیل کو روکنا ہے۔‘