ٹیم میں یہی بات چل رہی ہے کہ ٹیسٹ میچ جیتنا ہے: آغا سلمان
ٹیم میں یہی بات چل رہی ہے کہ ٹیسٹ میچ جیتنا ہے: آغا سلمان
اتوار 4 دسمبر 2022 16:16
آغا سلمان کہتے ہیں کہ ’ہماری مینیجمنٹ ہمیں اپنا کھیل کھیلنے کا کہتی ہے۔‘ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر آغا سلمان نے راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ جیسے پہلی اننگز میں بیٹنگ کی ہے دوسری میں بھی ویسی ہی ہو۔
آغا سلمان کہتے ہیں کہ ’کوشش کروں گا جیسے پہلی اننگز میں بیٹنگ کی ہے، دوسری میں بھی ویسے ہی کروں، اگر کوئی فیصلہ کن لمحہ آیا تو اسے اچھے طریقے سے نمٹانے کی کوشش کروں گا اور ٹیم کو میچ جتواؤں گا۔‘
انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں اپنی عمدہ بیٹنگ کے بارے میں آغا سلمان کہتے ہیں کہ ’ہماری مینیجمنٹ ہمیں اپنا کھیل کھیلنے کا کہتی ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ہمیشہ رنز بناؤں اور میری یہی کوشش تھی ان کی بولنگ کو دفاعی انداز میں رکھوں، ٹیل اینڈرز کے ساتھ کھیلتے وقت یہ موقع ہوتا ہے کہ آپ سکور کریں۔‘
چوتھے روز انگلینڈ کی جانب سے اننگز جلدی ڈکلئیر کر کے پاکستان کو 343 رنز کے ہدف دیے جانے اور پانچویں روز ہدف کو حاصل کرنے پر آغا سلمان نے کہا کہ ’ٹیم میں ابھی تک یہی بات چل رہی ہے کہ میچ کو جیتنا ہے، پانچویں دن کا ابھی نہیں پتا کہ پچ کیسی ہوگی، لیکن پِچ ابھی تک جیسی رہی ہے، یہی فیصلہ کیا ہے کہ میچ جیتیں گے۔‘
آغا سلمان مزید کہتے ہیں کہ ’انگلینڈ کچھ ماہ سے جس طرح کی کرکٹ کھیل رہا ہے، ہمیں امید تھی کہ وہ ایسا کریں گے، ہمیں امید تھی کہ وہ ہمیں اتنا ٹوٹل دیں گے۔‘
راولپنڈی میں جاری ٹیسٹ میچ میں آغا سلمان نے پہلی اننگز میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 بنائے تھے جس سے پاکستان کا خسارہ کم ہوگیا تھا۔