Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش نے انڈیا کو ایک وکٹ سے ہرا دیا

مہدی حسن میراز کو ان کی عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے انڈیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو ڈھاکہ میں کھیلے جانے والے ون ڈے میں بنگلہ دیش نے انڈیا کی جانب سے دیا گیا 187 کا ہدف چار اوورز پہلے ہی حاصل کر لیا۔
مہدی حسن میراز 38 اور مستفیض الرحمان 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ مہدی کو ان کی عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
میزبان ٹیم نے تین ون ڈے میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
انڈیا کے خلاف بنگلہ دیش نے پہلے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو درست ثابت ہوا۔ انڈین ٹیم 42 ویں اوور میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انڈیا کی جانب سے کے ایل راہول نے 73، روہت شرما نے 27 اور شریاس ایئر نے 24 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عبادت حسین نے چار اور مہدی حسن میراز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

شکیب الحسن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

136 رنز پر بنگلہ دیش کے نو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور میزبان ٹیم کے جیتنے کی کوئی امید نہیں تھی، لیکن مہدی حسن میراز اور مستفیض الرحمان نے مزاحمت دکھائی اور ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان لٹن داس نے 41، مہدی حسن میراز نے 38 اور شکیب الحسن نے 29 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے محمد سراج نے تین، کلدیپ سین اور واشنگٹن سُندر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سیریز کا دوسرا میچ بدھ کو ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: