صوبہ خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان افسوسناک ہے تاہم مذاکرات کا سلسلہ ختم نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعلٰی پختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے اردو نیوز کو بتایا کہ تحریک طالبان پاکستان نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا اور نہ ریاست پاکستان نے اس بارے میں کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری کیا ہے، اس لیے امید کی جا سکتی ہے کہ مذاکرات جاری رہیں گے۔
خیال رہے کہ رواں سال 28 نومبر کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے اعلامیہ جاری کر کے جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں
-
ٹی ٹی پی نے خالد بلتی کی ہلاکت کی تصدیق کر دیNode ID: 635281
-
ٹی ٹی پی سے مذاکرات میں پیش رفت، جنگ بندی میں توسیع کا اعلانNode ID: 674116
-
کالعدم ٹی ٹی پی کا فائر بندی ختم کرنے کا اعلانNode ID: 721641
بیرسٹر سیف نے کہا ’ٹی ٹی پی کی جانب سے جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان افسوسناک ہے، انہوں نے مجھے بھی میسج کر کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔‘
’میں نے طالبان کو سمجھایا ہے کہ جنگ بندی ختم کرنے کا فیصلہ غلط ہے۔ ہمیں مذاکرات کے سلسلے کو ختم نہیں کرنا چاہیے۔‘
اگر زمینی حقائق کو دیکھا جائے تو گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے ٹی ٹی پی کی جانب سےدہشت گردانہ کارروائیاں جاری تھیں۔ سوات، وزیرستان اور لکی مروت میں ٹی ٹی پی کے حملوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق ’ٹی ٹی پی کے رہنماؤں کی پاکستانی سیاست پر گہری نظر ہے اور اس موضوع ہر ہماری بات چیت بھی ہوتی رہتی ہے۔ تحریک طالبان قول و فعل میں تضاد رکھنے والے سیاستدانوں کے بارے میں تحفظات رکھتے ہیں۔‘
’میں اب بھی تحریک طالبان پاکستان کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔ آئیں ہتھیار رکھیں اور مذاکرات سے حل نکالنے کی کوشش کریں۔‘
![](/sites/default/files/pictures/December/36486/2022/000_32wf3e4.jpg)