Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کالعدم ٹی ٹی پی کا فائر بندی ختم کرنے کا اعلان

کالعدم ٹی ٹی پی نے ملک میں حملے کرنے کا حکم دیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کالعدم تحریک طالبان نے پاکستان کی حکومت کے ساتھ فائر بندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مختلف علاقوں میں مجاہدین کے خلاف فوجی آپریشنز ہو رہے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’مسلسل صبر سے کام لیا گیا تاکہ مذاکراتی عمل کم از کم ہماری طرف سے سبوتاژ نہ ہو۔ مگر فوج و خفیہ ادارے باز نہ آئے اور حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘
خیال رہے ستمبر میں بھی کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت پاکستان کے ساتھ  مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے پر فائر بندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔
اس وقت ٹی ٹی پی نے کہا تھا کہ ’پاکستان کی طرف سے بامقصد مذاکرات نہ ہونے پر سیز فائر کا معاہدہ ختم کیا جا رہا ہے۔‘
حکومت کی جانب سے ٹی ٹی پی کے الزامات اور فائر بندی ختم کرنے کے اعلان پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
مئی میں افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے مذاکرات کے نتیجے میں کالعدم تنظیم اور پاکستان ’عارضی سیزفائر‘ پر متفق ہوگئے تھے۔
ٹی ٹی پی اور حکومت پاکستان کے درمیان فاٹا کی سابق حیثیت میں بحالی اور قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر اہم معاملات پر ہونے والے مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہیں۔

شیئر: