ٹی ٹی پی نے خالد بلتی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی
جمعرات 13 جنوری 2022 15:58
ٹی ٹی پی افغان طالبان سے علیحدہ ایک تحریک ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اپنے اہم کمانڈر خالد بلتی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
جمعرات کو ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’تین روز قبل تحریک طالبان پاکستان ایک جیّد عالم اور سیاسی امور کے ماہر سے محروم ہوگئی۔‘
بیان کے مطابق ’خالد بلتی 2011 میں تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ منسلک ہوئے اور میڈیا سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ رہے۔ ان کی ہلاکت نو جنوری کو دوران سفر ہوئی۔‘
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے کہا ہے کہ ’وہ جلد ہی خالد بلتی کی ہلاکت کا انتقام لیں گے۔‘
خیال رہے کہ تین روز قبل پاکستانی فوج کے ذرائع نے ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
فوجی ذرائع کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ’محمد خراسانی کا اصل نام خالد بلتی تھا اور وہ میرانشاہ میں دہشت گردی کا مرکز چلا رہے تھے۔‘
تاہم تحریک طالبان پاکستان نے محمد خراسانی کی ہلاکت کی تردید کی تھی۔
ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ ’تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی زندہ وسلامت ہیں۔‘
’البتہ مفتی خالد بلتی کے حوالے سے ہماری تحقیق جاری ہے، جیسے ہی کنفرم معلومات حاصل ہو جائے گی نشر کر دیں گے۔‘