چینی صدر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری
جمعرات 8 دسمبر 2022 18:31
قیادت اورانتظامی امورمیں شاندار خدمات پرڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی (فوٹو، ٹوئٹر)
شاہ سعود یونیورسٹی نے چینی صدر کو سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں جمعرات کو انتظامی شعبے میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ سعود یونیورسٹی نے یہ ڈگری لیڈرشپ اورمینیجمنٹ میں چینی صدر کی عظیم الشان کاوشوں اورکارناموں کے اعتراف میں پیش کی ہے۔
یونیورسٹی نے یہ ڈگری دے کردونوں دوست ملکوں کے درمیان مسلسل تعاون اورشاندار تعلقات کے لیے انکی کوششوں خراج تحسین پیش کیا۔
قبل ازیں العربیہ نیٹ کے مطابق چینی صدر نے کہا تھا کہ میرے دورہ سعودی عرب سے عربوں کے ساتھ چین کے تعلقات کا نیا عہد شروع ہوگا انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عرب دنیا ترقی پذیر ممالک میں اہمیت کی حامل ہے۔
چینی صدر نے مملکت کے حوالے سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نے گرین مشرق وسطی اورسرسبز سعودی عرب جیسے اہم انیشیٹو پیش کیے ہیں انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ انکا ملک خود مختاری اوراتحاد وسالمیت کے سلسلے میں عربوں کی کوششوں کی حمایت کے حوالے سے پرعزم ہے۔