چینی صدر کی طرف سے سعودی نوجوانوں کو پیغام
جمعرات 8 دسمبر 2022 11:17
’چینی زبان سیکھنے والے سعودی نوجوان سعودی، چینی تعلقات میں استحکام لانے کا باعث بن سکتے ہیں‘ (فوٹو: سبق)
چینی صدر شی جن پنگ نے سعودی نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے اور اس میں مہارت حاصل کرنے کی تلقین کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’چینی زبان سیکھنے والے سعودی نوجوان سعودی، چینی تعلقات میں استحکام لانے کا باعث بن سکتے ہیں‘۔
انہوں نے یہ بات چین میں موجود ایک سعودی نوجوانوں کی طرف سے بھیجے جانے والے خط کے جواب میں کہی ہے۔
چینی زبان سیکھنے والے سعودی نوجوانوں نے صدر شی جن پنگ کو خط روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا کہ وہ چین زبان سیکھ کر دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید استحکام لانے کے خواہشمند ہیں‘۔
نوجوانوں نے کہا ہے کہ ’وہ چین کی تہذیب وثقافت کو قریب سے دیکھنے کے خواہشمند ہیں‘۔
چینی صدر نے نوجوانوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’کسی بھی ملک کو زیادہ بہتر طریقے سے جاننے اور سمجھنے کا طریقہ زبان ہے‘۔
’چینی زبان سیکھ کر بلکہ اس میں مہارت حاصل کرکے آپ چین کو زیادہ بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور چین اس وقت اپنے عظیم خواب کی تعبیر حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں‘۔
’ایک دوسرے کی زبان سیکھنے سے نہ صرف قربت حاصل ہوگی بلکہ بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ممکن ہوسکے گی جو مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ’نوجوان سعودی ، چینی تعلقات کا مستقبل ہیں اورہم ملک کر روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں‘۔