چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پر چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق صدر شی جن پنگ کو سعودی چین انوسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کی دعوت سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دی تھی۔ سعودی چین انوسٹمنٹ کانفرنس نو دسمبر تک جاری رہے گا۔
شاہ سلمان کی سربراہی میں ہونے والی کانفرنس میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بھی شریک ہوں گے۔
چینی صدر کا ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر استقبال ریاض ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر نے کیا۔
چینی صدر کے دورے کے دوران ’ریاض کانفرنس برائے چینی خلیجی تعاون و ترقیات‘ کا انعقاد ہوگا جس میں خلیجی ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔
اس دوران ایک اور کانفرنس بھی ہوگی جس میں چینی صدر کے ساتھ عرب ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ان کانفرنسز کا محور سعودی عرب اور چین کے درمیان معیشت سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔
ان کانفرنسز میں خلیج تعاون کونسل کی قیادت اور دیگر عرب ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے۔
ایس پی اے کے مطابق صدر شی جن پنگ کے دورے سے دونوں ممالک کی قیادت کی دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے، سٹریٹیجک شراکت داری کو مضبوط کرنے اور ممکنہ سیاسی اور معاشی تعاون کے امکانات کو اجاگر کرنے کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے۔