Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں نسیم شاہ کی شرکت مشکوک

اطلاعات کے مطابق نسیم شاہ کو کندھے میں تکلیف ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
جمعے کے روز سے ملتان میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں نسیم شاہ کے پلیئنگ الیون میں شامل ہونے کے امکانات واضح نظر نہیں آرہے۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق نسیم شاہ کی ملتان ٹیسٹ میں کندھے میں تکلیف کے باعث شرکت مشکوک ہے۔
نسیم شاہ کی جگہ پلئینگ الیون میں محمد وسیم جونیئر کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث اس سیریز کے لیے سکواڈ کو حصہ نہیں تھے جبکہ حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ میں ٹخنے میں انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔
کرک انفو کے مطابق حارث رؤف کے سریز سے باہر ہونے کے بعد ٹیم مینیجمنٹ نے فاسٹ بولر حسن علی کو سکواڈ میں شامل کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن پھر اس ارادے کو ترک کردیا جس کے بعد ملتان ٹیسٹ میں محمد وسیم جونیئر کے ڈیبیو کرنے کے امکانات روش ہوگئے ہیں۔
ملتان ٹیسٹ میں وسیم جونیئر کے ساتھ دوسرے فاسٹ بولر محمد علی ہوں گے۔
خیال رہے اس سے پہلے راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے دی تھی جبکہ سیریز کا دوسرا میچ کل سے ملتان میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: