مراکشی ٹیم فٹ بال ورلڈ کپ کی ’راکی بیلبوا‘ ہے: کوچ
پیر 12 دسمبر 2022 17:35
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
فلم ’راکی‘ میں ’راکی بیلبوا‘ کا کردار امریکی اداکار سلوسٹر سٹیلون نے ادا کیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی عرب اور افریقی ٹیم مراکش کے کوچ ولید ریگراگی نے اپنی ٹیم کو ہالی وڈ کا مشہور فلمی کردار ’راکی بیلبوا‘ قرار دے دیا۔
خیال رہے باکسر ’راکی بیلبوا‘ کا کردار امریکی اداکار سلوسٹر سٹیلون نے اپنی فلم ’راکی‘ میں ادا کیا تھا۔ ’راکی‘ سیریز کی پہلی فلم سنہ 1976 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کے بعد اس فرینچائز کی مزید چار فلمیں بھی ریلیز ہوچکی ہیں۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیم کے کوچ ولید ریگراگی کا کہنا ہے کہ ’جب آپ راکی فلم دیکھتے ہیں تو آپ راکی بیلبوا کو اس کی سخت محنت اور عزم کی وجہ سے سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔ میرے خیال میں ہم اس ورلڈ کپ کے راکی بیلبوا ہیں۔‘
ولید ریگراگی کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ایک ایسی ٹیم بن رہے ہیں جسے اس ورلڈ کپ میں سب محبت کرتے ہیں۔‘
مراکشی کوچ نے اپنی ٹیم کی کامیابی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یقین ہے آپ میں سے بہت لوگ ہیں جو اسے معجزہ سمجھتے ہوں گے لیکن ہماری بیلجیئم، سپین اور پرتگال کے خلاف جیت ہماری سخت محنت کا نتیجہ ہے۔‘
ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مراکش کا مقابلہ جمعرات کو دفاعی چیمپیئن فرانس سے ہوگا جو کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کو ہرا چکی ہے۔
مراکشی کوچ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم یہ ورلڈ کپ جیتنا چاہتی ہے۔ ’ہمیں ورلڈ کپ جیتنے کا خواب کیوں نہیں دیکھنا چاہیے؟ خواب دیکھنے کی تو کوئی قیمت نہیں ہوتی۔‘