اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان 17 دسمبر کو کروں گا: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ 17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان کریں۔
عمران خان نے بدھ کو ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا 17 دسمبر کو لاہور کے لبرٹی چوک میں تحریک انصاف کا جلسہ ہو گا جہاں دونوں اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’ اس کے بعد قومی اسمبلی کے ارکان بھی ایوان میں جا کر دوبارہ استعفے دیں گے جس کے بعد ملک الیکشن کے موڈ میں چلا جائے گا۔‘
’جب 70 فیصد ملک میں الیکشن کی ضرورت پیدا ہو گی تو بہتر ہے کہ عام انتخابات کرا دیے جائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ملکی معیشت سکڑتی جا رہی ہے۔ سازش کے تحت ملک کے ساتھ یہ کیا گیا۔ اگر ملک ڈیفالٹ کرے گا تو سب سے پہلے قومی سلامتی متاثر ہو گی۔ اگر پاکستان ڈیفالٹ کر گیا تو اسے بیل آؤٹ کرنے والے کیا قیمت مانگیں گے، وہ ہم سب جانتے ہیں۔‘
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ’مجھے پتا ہے کہ کس نے مجھ پر حملہ کروایا۔ میں سابق وزیراعظم ہو کر خود پر حملے کی ایف آئی آر نہیں کٹوا سکا۔‘
’میرا منہ بند کرنے کے لیے مجھ پر قاتلانہ حملہ کروایا گیا لیکن میں جب تک زندہ ہوں آواز اٹھاتا رہوں گا۔‘