جڑی ہوئی نائجیرین بچیوں کو علیحدہ کرنے کے لیے آپریشن کی تیاریاں
دونوں بچیوں حسانہ اور حسینہ کے کئی ٹیسٹ کیے گئے ہیں( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال برائے اطفال میں آپریشن سیکشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد النمشان نے کہا ہے کہ’ نائجیریا کی جڑی ہوئی بچیوں حسانہ اور حسینہ کی صحت مستحکم ہے۔ جلد انہیں ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے کے آپریشن کی تاریخ متعین کردی جائے گی‘۔
العربیہ سیٹلائٹ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد النمشان نے کہا کہ’ حسانہ اور حسینہ کے کئی ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ آئندہ ہفتے تک تمام کارروائی مکمل ہونے کا امکان ہے‘۔
’اس کے بعد ڈاکٹروں ٹیم یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا حسانہ اور حسینہ کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے کا آپریشن کیا جاسکتا ہے یا نہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’بچیوں کی نمو قبل از وقت پیدائش کے باعث معمول سے کم ہے اور ان کا وزن طبعی شکل میں بڑھ رہا ہے تاہم یہ بات ان کے آپریشن کی راہ میں حائل نہیں ہے‘۔