شاہ سلمان کی ہدایت پر عراقی سیامی بچے ریاض پہنچ گئے
اتوار 11 ستمبر 2022 12:49
سیامی بچوں کو وزارت نیشنل گارڈ کی زیر نگرانی کنگ عبد اللہ سپیشلسٹ ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عراقی سیامی بچے عمر اور علی ریاض پہنچ گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں سیامی بچے اپنے والدین کے ساتھ ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پہنچے ہیں۔
سیامی بچوں کو والدین سمیت وزارت نیشنل گارڈ کی زیر نگرانی کنگ عبد اللہ سپیشلسٹ ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
دوسری طرف کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کے سربراہ اور طبی ٹیم کے نگران ڈاکٹر عبد اللہ بن عبد العزیز الربیعہ نے شاہ سلمان کی انسانیت نوازی پر شکریہ ادا کیا ہے۔
ادھر سیامی بچوں کے والد محمد عبد اللہ نے شاہ سلمان اور سعودی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سعودی طبی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔