دورہ پاکستان کے لیے نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان، ٹم ساؤتھی کپتان مقرر
جمعرات 15 دسمبر 2022 16:12
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اپنے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
دورہ پاکستان کے لیے نیوزی لینڈ نے جمعرات کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سکواڈ کا اعلان کیا۔
ٹیسٹ سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کا سکواڈ:
ٹِم ساؤتھی (کپتان)، کین ولیمسن، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ڈیوون کونوے، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، ڈیرل مِچل، ہینری نِکُلز، اعجاز پٹیل، گلین فلپس، اِش سوڈھی، بلیئر ٹِکنر، نِیل ویگنر، وِل ینگ۔
سٹار کیوی بیٹر کین ولیمسن نے ٹیسٹ کرکٹ میں کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے سیریز کے لیے دستیابی سے معذرت کی ہے جس کے بعد انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے ملتان میں ہوگا۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز 10 جنوری، 12 جنوری اور 14 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
اس دورہ کے بعد نیوزی لینڈ اپریل 2023 میں دوبارہ پاکستان کے دورے پر آئے گی جس میں 5 ٹی20 اور 5 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
خیال رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔