Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور کو ریڈ فلیگ قرار دینے پر زلمی کااحتجاج، پی ایس ایل ڈرافٹنگ کا ’بائیکاٹ‘

سکائی سپورٹس کے ساتھ انٹرویو میں رمیز راجہ نے پشاور کو ’ریڈ فلیگ‘ قرار دیا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے احتجاجاً پی ایس ایل کے ڈرافٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
جاوید آفریدی کی جانب سے یہ فیصلہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی جانب سے پشاور میں میچز کے فوری انعقاد نہ کروانے سے متعلق بیان پر کیا گیا ہے۔
ادھر پشاور زلمی کے ترجمان نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی لاہور میں آج ہونے والے پی ایس ایل ڈرافٹ میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔
جاوید آفریدی کے قریبی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے رمیز راجہ کے بیان پر خیبر پختونخوا کے کرکٹ شائقین کے غم و غصے پر ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجاً پی ایس ایل کے ڈرافٹس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’جاوید آفریدی کا ماننا ہے کہ پشاور میں کرکٹ واپس لانے میں پشاور زلمی نے بڑی جدوجہد کی، رمیز راجہ کو یہ بیان دے کر ان کی محنت پر پانی پھیر دیا ہے۔‘ 
خیال رہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے سکائی سپورٹس کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’پشاور جانے کے لیے غیر ملکی کھلاڑی تیار نہیں اور پشاور سفر کرنے کے حوالے سے اب بھی غیر ملکی کھلاڑیوں کو تحفظات ہیں۔‘
رمیز راجہ نے پشاور کو ’ریڈ فلیگ‘ قرار دیا تھا۔ ان کے اس بیان کے بعد صوبے کے کرکٹ شائقین نے غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔ 
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اس بیان کے بعد اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ، ’پشاور پھولوں کا شہر ہے، مہمان نوازی، ثقافت اور تاریخ کی سرزمین ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ‘یہاں کو سرخ جھنڈا (ریڈ فلیگ) نہیں، صرف پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہی ہمارا فخر ہے۔‘ 
اس ٹویٹ کے بعد انہوں نے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کی پشاور آمد کی ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی۔ صرف یہی نہیں انہوں نے متعدد ٹویٹس کی جس میں انہوں نے #peshawarisnotaredflag کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے آسٹریلوی ہائی کمیشن اور جرمن سفیر کی پشاور کے چپلی کباب کھانے کی ٹویٹس کو ری ٹویٹ بھی کیا۔ 

خیال رہے کہ 2017 میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل پہلی مرتبہ پاکستان میں کھیلا گیا تھا جس میں پشاور زلمی کے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈئیٹرز کے چند غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے معذرت کرلی تھی۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھواں ایڈیشن 9 فروری سے کراچی، لاہور، ملتان اور روالپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ 

پاکستان سپر لیگ کے ڈرافٹس

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈشن  کے لیے پلیئر ڈرافٹ آج کراچی میں ہوں گے۔ جس میں چھ ٹیمیں 61 ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کا چناؤ کریں گی۔ پلیئر ڈرافٹ میں 500 سے زائد غیر ملکی اور 450 سے زائد ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ 
پلاٹینم غیر ملکی پلیئرز میں ایرون فنچ، میتھیو ویڈ، شکیب الحسن، ایلیکس ہیلز، ڈیوڈ ولی، ڈیوڈ ملان، معین علی، تیمال ملز، روسی ون ڈر ڈوسن، راجا پکسا، ڈاسن شناکا، ہسارنگا، کیمرون پولارڈ، ایوین لیوز، عادل رشید، ریس ٹوپلی، مارٹن گپٹل، جمی نیشم، تبریز شمسی اور کولن انگرم جیسے پلیئرز شامل ہیں۔
ڈرافٹ کے لیے پاکستانی پلیئرز میں فخر زمان پلاٹینم جبکہ محمد حفیظ اور نسیم شاہ ڈائمنڈ کیٹیگری میں دستیاب ہیں۔
احمد شہزاد، عابد علی، احسن علی، انور علی، فواد عالم ، سہیل تنویر، موسیٰ خان، محمد عرفان ، عثمان قادر اور ظفر گوہر گولڈ کیٹیگری میں ہیں۔

شیئر: