رونالڈو کی ریال میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ میں ٹریننگ، پُرانے کلب میں واپسی؟
جمعرات 15 دسمبر 2022 12:19
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
رونالڈو نے 2018 میں ریال میڈرڈ کو چھوڑ کر اطالوی کلب جووینٹس جوائن کرلیا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
مراکش سے فٹ بال ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے میگا ایونٹ کے فوراً بعد ٹریننگ شروع کردی ہے اور اس کے لیے انہوں نے اپنے پرانے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ کا انتخاب کیا ہے۔
ہسپانوی میڈیا آؤٹ لیٹ ’ریلیو‘ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو ریال میڈرڈ کے گراؤنڈ میں اکیلے ٹریننگ کرتے ہوئے نظر آئے۔ پرتگالی سٹارائکر نے انگلش کلب مانچیسٹر یونائیٹڈ سے معاہدہ ختم ہونے کے بعد اب تک نیا فٹ بال کلب جوائن نہیں کیا ہے اور ریال میڈرڈ میں ان کی ٹریننگ کی اطلاعات کے بعد یہ قیاس آرائی بھی کی جارہی کہ شاید وہ اپنے پرانے کلب واپس آجائیں گے۔
اسی دوران عرب میڈیا سمیت متعدد غیر ملکی اخبارات یہ اطلاعات بھی دیتے رہے ہیں کہ کرسٹیانو رونالڈو سعودی کلب النصر سے بھی رابطے میں ہیں۔ تاہم اس حوالے سے کلب یا پرتگالی فٹ بالر کی طرف سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
متعدد بین الاقوامی جریدوں کے مطابق ریال میڈرڈ کے گراؤنڈ میں کرسٹیانو رونالڈو کو ٹریننگ کی اجازت کلب کے صدر فلورنٹینو پیرز نے دی ہے۔
پرتگالی سٹار نے تقریباً 9 سال ریال میڈرڈ کے لیے فٹ بال کھیلی اور ان کی موجودگی میں ہسپانوی کلب نے دو مرتبہ لا لیگا اور چار مرتبہ چیمپیئنز لیگ کے ٹائٹلز بھی جیتے۔ کرسٹیانو رونالڈو اپنے کیریئر میں پانچ مرتبہ دنیا کے بہترین فٹ بالر کا ایوارڈ ’بیلن ڈی اور‘ جیت چکے ہیں اور ان میں چار انہوں نے تب جیتے جب وہ ریال میڈرڈ کی ٹیم کا حصہ تھے۔
پرتگالی سٹرائکر نے سنہ 2018 میں ریال میڈرڈ چھوڑ کر اطالوی فٹ بال کلب جووینٹس جوائن کرلیا تھا۔ لیکن ریال میڈر چھوڑنے کے بعد بھی کرسٹیانو رونالڈو کے اپنے سابق کلب سے تعلقات بگڑے نہیں۔
ایک انٹرویو میں ریال میڈرڈ کے صدر پیرز نے پرتگالی فٹ بالر کے بارے میں کہا تھا کہ ’کرسٹیانو رونالڈو نے میڈرڈ میں کبھی پریشانیاں نہیں پیدا کیں۔ وہ ہمیشہ ایک مثال رہے ہیں اور میں انہیں ہمیشہ اپنے بہترین کھلاڑی کی حیثیت سے یاد رکھوں گا۔‘