بالی وڈ اداکاراؤں کے خوبصورت دِکھنے کا راز کیا ہے؟
بالی وڈ اداکاراؤں کے خوبصورت دِکھنے کا راز کیا ہے؟
جمعہ 16 دسمبر 2022 7:55
بالی وڈ اداکارائیں خوبصورت دکھنے کے لیے سخت روٹین فالو کرتی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
اداکاروں کے متعلق اکثر یہ گمان کیا جاتا ہے کہ وہ ہر وقت اتنا ٹِپ ٹاپ کیسے رہتے ہیں۔ ویسے تو خوبصورت دکھنے کے لیے ان کے پاس سٹائلسٹس کی پوری ٹیم ہوتی ہے جو لباس سے لے کر میک اپ تک تمام ان کی چیزوں کا خیال رکھتی ہے۔
لیکن اس سب کے باوجود ایک سوال بالخصوص اداکاراؤں کے بارے میں ضرور ذہن میں آتا ہے کہ آخر اتنے کیمیکل سے بھرپور پراڈکٹس استعمال کرنے کے باوجود ان کی جلد اور بال کیسے اتنے اچھے رہ سکتے ہیں۔
ورزش تو ویسے ہی ہر اداکار کی زندگی کی روٹین کا حصہ ہے لیکن چند اداکارائیں فریش دکھنے کے لیے کچھ خاص ٹوٹکوں کا بھی استعمال کرتی ہیں۔
بالی وڈ اداکاروں کی زندگی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’بالی وڈ لائف‘ نے ایسے ہی چند گھریلو ٹوٹکوں کا ذکر کیا ہے جو چند اداکاراؤں کی زندگی کا حصہ ہے۔
جیسے انوشکا شرما اپنی جلد پر عرق گلاب لگاتی ہیں اور نیم کے پتوں کا استعمال بھی کرتی ہیں۔ وہ نیم کے پاؤڈر کو دہی، عرق گلاب اور دودھ میں مکس کر کے چہرے پر لگاتی ہیں۔
بیوٹی کوئین ایشوریا رائے بچن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بھی اپنی جلد پر قدرتی اجزا سے بنی ہوئی چیزیں لگانا پسند کرتی ہیں جیسے بیسن، شہد اور دہی مکس کر کے استعمال کرنا۔
ایشوریا رائے چہرے کو فریش رکھنے کے لیے کھیرے کی پیسٹ بنا کر بھی لگاتی ہیں۔
اداکارہ جیکولین فرنانڈیز خود کو فِٹ رکھنے کے لیے خوراک کا خاص خیال رکھتی ہیں۔ وہ اپنے دن کا آغاز لیموں پانی اور پھلوں سے کرتی ہیں جبکہ اپنے چہرے کو برف کے پانی سے بھی دھونا پسند کرتی ہیں۔
بالی وڈ کی ’بیبو‘ کرینا کپور اپنے چہرے پر شہد کا استعمال کرتی ہیں اور بہترین نتائج کے لیے بادام کا تیل بھی لگاتی ہیں جبکہ ورزش کے علاوہ یوگا بھی باقاعدگی سے کرتی ہیں۔
بالی وڈ کی نئی ’ممی‘ عالیہ بھٹ کو بھی چند دیگر اداکاراؤں کی طرح نیم کے خشک پتوں کا پاؤڈر استعمال کرنا کافی پسند ہے لیکن اس میں وہ تھوڑی سی ہلدی بھی شامل کرتی ہیں۔ بلکہ ملتانی مٹی کا صدیوں پرانا ٹوٹکہ بھی جلد پر استعمال لگاتی ہیں۔
اداکارہ سونوکاشی سنہا کا ڈایئٹ پلان بھی موضوع بحث رہتا ہے کہ وہ 30 کلو وزن کم کرنے میں کیسے کامیاب ہوئیں۔ سوناکشی سنہا کے مطابق انہوں نے ایسی خوراک بالکل کھانا بند کر دی تھی جس میں نشاستے یا مصنوعی میٹھے کا استعمال کیا گیا ہو۔
لیکن اس کے علاوہ سونوکاشی سنہا اپنی جلد پر ایلو ویرا جیل بھی باقاعدگی سے لگاتی ہیں۔