Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل سے پہلے فرانس کے اہم کھلاڑی بیمار پڑ گئے

سنہ 1958 اور 1962 میں برازیل نے لگاتار نے دو مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
قطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل سے پہلے فرانس کے لیے بُری خبریں آ رہی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانس کے کچھ فٹبالر اتوار کو ہونے والے ورلڈ کپ کے فائنل سے پہلے بیمار پڑ گئے ہیں۔
سنہ 2018 کے ورلڈ کپ کی فاتح فرانس کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جہاں اُس کا مقابلہ ارجنٹائن کی ٹیم سے ہے۔ 
فرانس کے تین کھلاڑی رافیل وَرانے، ابراہیمہ کوناتا اور کنگزلے کومین نے جمعے کو ہونے والے ٹریننگ سیشن میں بخار کے باعث حصہ نہیں لیا۔
فرنچ فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف ایف) کے مطابق اس سے پہلے جمعرات کو کنگزلے کومین نے ’لائٹ وائرل سنڈروم‘ کے باعث ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا تھا۔
فرانس کے کوچ ڈیڈیئر ڈسچیمپس بھی رافیل وَرانے اور ابراہیمہ کوناتا کی ناساز طبیعت کے حوالے سے خاصی تشویش کا شکار ہیں جبکہ فرانس کے مِڈ فیلڈر اڈرین رابیوٹ کے بیمار ہونے کی خبر بھی آئی ہے۔
فرانس کے کھلاڑی رانڈل کولو ماونی نے جمعے کو پریس کانفرنس میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی بیماری کے بارے میں کہا کہ ’بس تھوڑا بہت زکام ہے، کوئی تشویش کی بات نہیں۔‘
اگر فرانس اتوار کو ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ 60 سال بعد پہلا موقع ہوگا کہ کوئی ٹیم لگاتار دوسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتے گی۔
اس سے پہلے 1958 اور 1962 میں برازیل نے لگاتار نے دو مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتا تھا۔

شیئر: