Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریفری کے’غلط فیصلوں‘ کے خلاف مراکشی فٹ بال فیڈریشن کا فیفا سے احتجاج

مراکش کی ٹیم کانسی کے تمغے کے لیے سنیچر کو کروشیا کا مقابلہ کرے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
مراکش کی فٹ بال فیڈریشن نے فرانس اور مراکش کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل کے میچ کے دوران ریفری کے ’غلط فیصلوں‘کے خلاف فیفا سے احتجاج ریکارڈ کیا ہے۔
بدھ کو کھیلے گئے میچ میں فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔
مراکش فٹ بال فیڈریشن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ میکسیکو کے ریفری سیزر راموس نے میچ کے پہلے ہاف میں جب فرانسیسی کھلاڑی  تھیو ہرنینڈیز نے مراکش کے کھلاڑی صفیان بوفال کے خلاف فاؤل کیا تو وہ مراکش کو پینلٹی کک دینے میں ناکام ہوئے۔
بیان کے مطابق فاؤل پر مراکش کو پینلٹی کک ایوارڈ کرنے کے بجائے ریفری نے بوفال کو ہی پیلا کارڈ دکھا دیا۔
مراکش فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ متبادل کھلاڑی کو نیچے گرانے پر بھی میچ کے آفیشل اس کو دوبارہ دیکھنے میں بھی ناکام ہوئے۔
بیان میں مزید کہنا ہے کہ ’رائل مراکشی فٹ بال فیڈریشن نے متعلقہ باڈی کو لکھا ہے کہ وہ ریفری کے فیصلوں پر نظرثانی کریں جن کی وجہ سے مراکش دو پینلٹی کک سے محروم ہوا جو کہ کئی ماہرینِ ریفرینگ کی نظر میں پینلٹی بنتی تھی۔‘
’ہمیں حیرت ہے کہ  ویڈیو اسسٹنٹ ریفری بھی اس صورتحال میں بروقت ردعمل نہیں دے سکا۔‘
خیال رہے مراکش کی ٹیم کانسی کے تمغے کے لیے سنیچر کو کروشیا کا مقابلہ کرے گی۔
توقعات کر برخلاف مراکش نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بیلجیئم، سپین اور پرتگال کی مضبوط ٹیموں کو شکست دی۔
اگر تیسری پوزیشن کے میچ میں مراکش کروشیا کو ہرانے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کوئی افریقی ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں کانسی کا تمغہ جیتے گا۔

شیئر: