Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ: پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز بنا کر آؤٹ

اظہر علی اپنا آخری اور وسیم جونیئر پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر سات رنز بنائے تھے۔
کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن  پاکستان کی پہلی اننگز میں پوری ٹیم 304 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ 
سنیچر کو پاکستان کے کپتان  بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو عبداللہ شفیق آٹھ رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ شان مسعود 30 رنز بنا کر مارک وڈ کا شکار بن گئے۔
اظہر علی آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے۔ وہ 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

ریحان احمد نے سعود شکیل کو آؤٹ کر کے پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی (فوٹو: اے ایف پی)

چوتھی وکٹ سعود شکیل کی گری جو 23 رنز بنا کر سپنر ریحان احمد کا ٹیسٹ کرکٹ میں پہلا شکار بنے۔ پاکستان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے۔ وہ 19 رنز بنا سکے۔
تاہم کہتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ 
فہیم اشرف صرف چار رنز بنا سکے، ریحان احمد نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ نعمان علی نے 20 اور آغا سلمان نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، ان دونوں بلے بازوں کو جیک لیچ نے پویلین کی راہ دکھائی۔ 
آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز ابرار احمد تھے، جو چار رنز بنا کر لیچ کے چوتھی وکٹ بنے۔ 
اظہر علی کا آخری میچ، وسیم جونیئر کا ڈیبیو
ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل آخری میچ کھیلنے والے اظہر علی نے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے بولر محمد وسیم جونیئر کو کیپ دی۔
پاکستان کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اظہر علی، شان مسعود، وسیم جونیئر اور سپنر نعمان علی کو موقع دیا گیا ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے میچ میں سپنر ریحان احمد اپنے ٹیسٹ کیریئر کا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ اُن کو سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے ٹیسٹ کیپ دی۔
ریحان احمد 18 برس کی عمر میں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے انگلینڈ کی ٹیم کے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔
سٹیڈیم میں پاکستانی نژاد ریحان احمد کے والد نعیم احمد بھی موجود ہیں۔

اظہر علی نے 45 رنز بنانے کے لیے 68 گیندوں کا سامنا کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

تین میچوں کی سیریز کے پہلے دو میچز جیت کر انگلینڈ سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔
انگلش کپتان بین سٹوکس نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے اور اب بھی اُن کی ترجیح سیریز کو تین صفر سے جیتنا ہے۔
بین سٹوکس نے بتایا کہ جیمز اینڈرسن کو آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

شیئر: