Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ: فائنل سے قبل میسی زخمی جبکہ فرانس کے کئی کھلاڑی بیمار

فیفا ورلڈ کپ فائنل کو لیونل میسی اور کیلین امباپے کے درمیان مقابلہ بھی قرار دیا جا رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
قطر میں جاری فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی زخمی جبکہ فرانس کے کئی کھلاڑی بیمار ہو گئے ہیں۔
دوحہ کے لوسیل سٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے فائنل میں ارجنٹائن کے 35 سالہ سٹار فٹ بالر لیونل میسی دفاعی چیمپئن فرانس کو ہرا کر اپنے کیریئر کو یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔
سپورٹس چینل ای ایس پی این کے مطابق دفاعی چیمپئن فرانس نے گذشتہ سات ورلڈ کپ میں سے چار کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے۔
دوسری جانب سٹار فٹ بال لیونل میسی کی ارجنٹائن ہے جو اس سے قبل دو مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے، تاہم میسی کے کیریئر میں ان کا ملک اب تک فٹ بال کا عالمی چیمپئن نہیں بن سکا۔
اس طرح میسی کے پاس ارجنٹائن کو ٹائٹل جتوانے کا یہ آخری اور سنہری موقع ہے۔  
فائنل سے قبل میسی زخمی جبکہ فرانس کے کئی کھلاڑی فُلو کا شکار
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائنل سے قبل لیونل میسی زخمی جبکہ فرانس کے کچھ کھلاڑی بیمار پڑ گئے ہیں۔
میسی کے بارے میں یہ بتایا جا رہا ہے کہ وہ 100 فیصد فٹ نہیں ہیں، اور انہوں نے ہیمسٹرنگ انجری کے باعث جمعے کو ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا۔
فرانس کے تین کھلاڑی رافیل وَرانے، ابراہیمہ کوناتا اور کنگزلے کومین نے جمعے کو ہونے والے ٹریننگ سیشن میں بخار کے باعث حصہ نہیں لیا۔
فرنچ فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف ایف) کے مطابق جمعرات کو کنگزلے کومین نے ’لائٹ وائرل سنڈروم‘ کے باعث ٹریننگ سیشن میں شریک نہیں ہوئے۔
فرانس کے کوچ ڈیڈیئر ڈسچیمپس بھی رافیل وَرانے اور ابراہیمہ کوناتا کی ناساز طبیعت کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں جبکہ فرانس کے مِڈ فیلڈر اڈرین رابیوٹ کے بیمار ہونے کی خبر بھی آئی ہے۔

فرانسیسی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے جمعے کو ٹریننگ سیشن میں حصہ نہیں لیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

میسی بمقابلہ امباپے
فیفا فٹ بال ورلڈ کپ فائنل کو ارجنٹائن اور فرانس کے دو سٹار فٹ بالرز کے درمیان مقابلہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے لیونل میسی اور فرانس کے کیلین امباپے دونوں پانچ پانچ گول کے ساتھ ٹاپ سکورر ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لیونل میسی اور کیلین امباپے پیرس سینٹ جرمین فٹ بال کلب کی جانب سے کھیلتے ہیں۔
تاہم فیفا ورلڈ کپ فائنل کے بعد دونوں میں سے خوشی خوشی ایک ہی فرانس کے دارالحکومت واپس لوٹے گا۔
لیونل میسی نے ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک 11 گول کر رکھے ہیں اور وہ اپنے ملک کی جانب سے میگا میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
ارجنٹائن اور فرانس کی ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک کی کارکردگی کیا رہی؟

فٹ بال کے تماشائیوں کو بڑی بے صبری سے فائنل میچ کا انتظار ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

 ارجنٹائن اور فرانس دو دو مرتبہ فٹ بال ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں، ارجنٹائن نے 1978 اور 1986 میں میگا ایونٹ اپنے نام کیا جبکہ فرانس کی ٹیم 1998 اور 2018 میں عالمی چیمپئن بنی۔
اگر میگا ایونٹ کے فائنل تک رسائی کی بات کی جائے تو ارجنٹائن کی ٹیم چھٹی مرتبہ ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گی۔ ارجنٹائن نے 1930، 1978، 1986، 1990 اور 2014 میں فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
دوسری جانب دفاعی چیمپئن فرانس نے پہلی مرتبہ 1998 میں فیفا ورلڈ کپ کا تائنل کھیلا۔اس کے علاوہ فرانس کی ٹیم نے 2006 اور 2018 کے فائنل میں بھی کوالیفائی کیا۔
اس طرح دونوں ٹیمیں تیسری مرتبہ میگا ایونٹ جیتنے کی کوشش کریں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ورلڈ کپ مقابلوں میں 12 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں ارجنٹائن نے 6 جبکہ فرانس نے 3 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

شیئر: