فیفا ورلڈ کپ میں مراکش کا سفر حیران کن رہا ۔ وہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں سیمی فائنل کھیلنے والی پہلی افریقی اور عرب ٹیم بنی تھی۔
مراکش کی اس ورلڈ کپ میں سفر کی بات کی جائے تو اس میں انہوں نے گروپ راوںڈ میں تین میچز کھیلے جس میں دو جیتے اور ایک میچ ڈرا رہا۔
مراکش کا کروشیا کے ساتھ پہلا میچ بغیر کسی گول کے ڈرا ہوا تھا جبکہ مراکش نے بیلجیئم کو 0-2 اور کینیڈا کو 1-2 سے شکست دی۔
راؤنڈ آف 16 میں مراکش نے سپین کو پینلٹی کِکس پر 0-3 سے اپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تھا جبکہ کوارٹر فائنل میں مراکش نے پرتگال کو ایک صفر سے تاریخی شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔
دوسری جانب دفاعی چیمپیئن فرانس نے فیفا ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں آسٹریلیا کو 1-4 سے شکست دی تھی جبکہ اپنے دوسرے میچ میں ڈنمارک کو 1-2 سے ہرایا تھا۔
فرانس کو گروپ سٹیج کے آخری میچ میں تیونس کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
راؤنڈ آف 16 میں فرانس نے 1-3 سے پولینڈ کو ہرا دیا تھا جبکہ کوارٹر فائنل میں فرانس نے انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ فرانس اور مراکش فیفا ورلڈ کپ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔
اس سے پہلے دونوں ٹیمیں مختلف ٹورنامنٹ میں سات بار آمنے سامنے آئی ہیں جس میں پانچ بار فرانس اور 2 مرتبہ مراکش کو جیت حاصل ہوئی ہے۔