بنوں میں سی ٹی ڈی کے دفتر پر شدت پسندوں کا حملہ، ’دو سکیورٹی اہلکار زخمی‘
اتوار 18 دسمبر 2022 16:28
فائرنگ کے بعد پولیس کی نفری طلب کر لی گئی جبکہ سکیورٹی فورسز نے کینٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ (فوٹو: بنوں پولیس)
خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں کینٹ میں واقع کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے پولیس سٹیشن میں شدت پسندوں کی فائرنگ سے دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ’اتوار کو سی ٹی ڈی آفس میں زیر حراست مبینہ شدت پسندوں نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پاکستانی فوج کے ایک اہلکار سمیت سی ٹی ڈی کا ایک اہلکار بھی زخمی ہو گیا ہے۔‘
ذرائع کا کہنا ہے کہ ’شدت پسندوں نے کچھ سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ہے۔‘
فائرنگ کے بعد پولیس کی نفری طلب کر لی گئی جبکہ سکیورٹی فورسز نے کینٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق تاحال مبینہ دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعلٰی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ’سی ٹی ڈی پولیس سٹیشن بنوں پر کسی نے حملہ نہیں کیا ہے۔‘
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ پولیس سٹیشن میں کچھ ملزم دہشت گردی کے شبے میں زِیرحراست تھے۔ ملزمان نے وہاں موجود سکیورٹی اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی۔‘
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ’حالات مکمل کنٹرول میں ہیں اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’شرپسند عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے جو کچھ دیر میں مکمل ہو جائے گا۔‘