Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمبر ہرڈ نے جونی ڈیپ کے ساتھ ہتک عزت کے کیس میں تصفیہ کر لیا

ایمبر ہرڈ نے کہا ہے کہ وہ اپنی اپیل واپس لے رہی ہیں اور کیس کا تصفیہ چاہتی ہیں (فوٹو: آئرش مرر)
ہالی وڈ کی اداکارہ ایمبر ہرڈ نے اپنے سابق شوہر اور معروف اداکار جونی ڈیپ کے ساتھ لاکھوں ڈالر ہرجانے کے کیس میں تصفیے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیس نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یمبر ہرڈ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اس تصفیے کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ امریکی ریاست ورجینیا کی عدالت نے انہیں جونی ڈیپ کو ایک کروڑ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
تاہم ’ٹی ایم زید‘ نامی ویب سائٹ نے اس معاملے سے واقفیت رکھنے والے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اس معاہدے کے تحت ایمبر ہرڈ اپنے سابق شوہر کو 10 لاکھ ڈالر دیں گی۔
ایمبر ہرڈ نے کہا ہے کہ ’وہ اپنی اپیل واپس لے رہی ہیں اور کیس کا تصفیہ چاہتی ہیں کیونکہ وہ ایک اور ٹرائل کا سامنا نہیں کرنا چاہتیں۔‘
’کافی مشاورت کرنے کے بعد میں نے تصفیہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ میں نے یہ فیصلہ امریکی عدالتی نظام پر بداعتمادی کے بعد کیا ہے۔‘
عدالت نے جونی ڈیپ اور ایمبر ہرڈ کو ایک دوسرے کی ہتک عزت کا قصوروار قرار دیا تھا۔ ایمبر ہرڈ کو جونی ڈیپ کو ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جبکہ جونی ڈیپ کو 20 لاکھ ڈالر ادا کرنے کا کہا گیا تھا۔
ایمبر ہرڈ کے 2018 میں واشنگٹن پوسٹ میں ایک آرٹیکل لکھنے پر جونی ڈیپ نے ان پر پانچ کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا جس میں انہوں نے خود کو گھریلو تشدد کا شکار قرار دیا تھا۔
ایمبر ہرڈ نے بھی ردعمل میں جونی ڈیپ پر 10 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایمبر ہرڈ کے وکلا نے کہا تھا کہ ان کی موکلا 10 کروڑ ڈالر ہرجانہ ادا نہیں کر سکتیں۔

شیئر: