جونی ڈیپ ہرجانے کا مقدمہ ہار گئے
جونی ڈیپ نے گذشتہ برس جنوری میں ’دی سن‘ کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا (فوٹو: آئرش مرر)
شہرہ آفاق فلم ’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘ کے کیپٹن جیک سپیرو اور ہالی وڈ اداکار جونی ڈیپ برطانیہ کے اخبار ’دی سن‘ سے ہرجانے کا مقدمہ ہار گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جونی ڈیپ نے برطانوی اخبار پر ’یک طرفہ‘ اور ’جھوٹا‘ مضمون شائع کرنے پر گذشتہ برس جنوری میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
دی سن نے جو مضمون لکھا تھا اس کا عنوان ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ رکھا گیا تھا۔
اس مضمون میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہیرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔
جونی ڈیپ پر سابق اہلیہ امبر ہیرڈ نے مئی 2016 میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ امبر ہیرڈ کے مطابق جونی ڈیپ نے ان کے چہرے پر موبائل فون تیزی سے مارا، ساتھ ہی اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ شوہر نے ان پر بوتل سے بھی حملہ کیا۔
امبر ہیرڈ سابق شوہر کی جانب سے تشدد کی تصاویر بھی سامنے لے آئی تھیں اور بعد ازاں دونوں میں 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔