Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھیلوں کی دنیا میں سال 2022 کے اہم واقعات

راجر فیڈرر کی ریٹائرمنٹ پر ساتھی کھلاڑی رافیل نڈال بھی رو پڑے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
سال 2022 کے دوران رونما ہونے والے سپورٹس کے اہم واقعات کا جائزہ لیا جائے تو اس میں سرفہرست ٹینس کے سپر سٹار نوواک جوکوچ کو آسٹریلیا سے نکالے جانا ہے جبکہ سال کا اختتام لیونل میسی کے فیفا ورلڈ کپ جیتنے پر ہوا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سال کا آغاز ہوتے ہی کھیلوں کی دنیا سے اہم خبر عالمی نمبر ایک سربین ٹینس سٹار نوواک جوکوچ کے متعلق آئی تھی جو آسڑیلین اوپن کھیلنے کے لیے میلبرن پہنچے تو کورونا ویکسین نہ لگوانے کے باعث ڈرامائی انداز میں ان کا ویزہ منسوخ کر دیا گیا اور انہیں ایک ہوٹل تک ہی محدود رکھا گیا۔
یہ ہی نہیں بلکہ نوواک جوکوچ کو یو ایس اوپن سے باہر کرتے ہوئے ان کے امریکہ سفر پر پابندی عائد کر دی گئی تھی تاہم جولائی میں وہ ساتواں ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
روسی سکیٹر کا ڈوپنگ سکینڈل
اس کے بعد روسی فگر سکیٹر کامیلا ویلیوا کا بیجنگ ونٹر اولمپکس کے دوران ڈوپنگ سکینڈل سامنے آیا جب ان کی عمر 15 سال کی تھی۔ بیجنگ اولمپکس کو شاندار مقابلوں کے علاوہ کامیلا ویلیوا کے سکینڈل کے لیے بھی یاد رکھا جاتا ہے۔
اولمپکس کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ کمیلا ویلیوا کھیلوں سے پہلے ڈرگ ٹیسٹ میں ناکام ہوگئی تھیں تاہم کھیلوں کی عالمی عدالت سی اے ایس نے کم عمری کی بنیاد پر انہیں مقابلوں میں شرکت جاری رکھنے کی اجازت دے دی تھی۔

لیونل میسی نے 36 سال بعد ارجنٹائن کو ورلڈ کپ جیتوا دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

لیجنڈری کرکٹر شین وارن کی موت
اسی سال لیجنڈری آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن کا بھی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوا تھا۔
145 ٹیسٹ میچوں میں 708 وکٹوں کا ریکارڈ رکھنے والے شین وارن کو 1994 اور 1997 میں وزڈن کرکٹر آف دی ایئر اور 2004 میں وزڈن لیڈنگ کرکٹر ان دا ورلڈ قرار دیا گیا۔
اپنی صحت کے حوالے سے فکرمند شین وارن نے موت سے چند روز قبل ایک سوشل میڈیا پیغام میں وزن میں کمی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’وہ جولائی تک اپنی چند برس قبل کی فٹنس کو واپس حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘
یوکرین جنگ کے بعد روسی کھلاڑی مقابلوں سے باہر 
رواں سال فروری میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد روس اور اس کے اتحادی ملک بیلاروس کے کھلاڑیوں کو فٹبال ورلڈ کپ، ایتھلیٹکس کے عالمی مقابلوں اور ٹینس ومبلڈن میں شرکت نہیں کرنے دی گئی۔
چیمپیئنز لیگ: ریئل میڈرڈ کی لیورپول کو شکست
مئی میں چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ریئل میڈرڈ نے لیورپول کو سنسنی خیز مقابلے میں ہرا دیا تھا لیکن میچ شروع ہونے سے پہلے ہی دارالحکومت پیرس میں افراتفری کی صورتحال برپا ہو گئی تھی۔
ہزاروں کی تعداد میں لیورپول شائقین جب گراؤند میں داخل ہونے میں ناکام رہے تو پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد ان پر آنسو گیس پھینکنے کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔ ان میں وہ شائقین بھی شامل تھے جنہوں نے پہلے سے ٹکٹ خرید رکھے تھے۔
پولیس نے الزام عائد کیا تھا کہ لیورپول شائقین غیرقانونی طور پر گراؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے تاہم یہ الزامات بعد میں غلط ثابت ہوئے۔

سیرینا ولیمز نے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹینس کے سپر سٹارز کی ریٹائرمنٹ
ٹینس کی دنیا کے دو بہترین کھلاڑیوں نے کئی سال راج کرنے کے بعد ٹینس کو خیرآباد کہا۔ ان میں سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹینس کے لیجنڈری کھلاڑی راجر فیڈرر اور امریکی سٹار سیرینا ولیمز شامل ہیں۔
راجر فیڈرر نے اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم 2003 میں ومبلڈن جیتا تھا جس کے بعد انہوں نے آٹھ ومبلڈن، چھ آسٹریلین اوپن، پانچ یو ایس اوپن اور ایک فرینچ اوپن جیتا۔
دوسری جانب 40 سالہ امریکی ٹینس سٹار سیرینا ولیمز نے باقاعدہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان تو نہیں کیا تھا تاہم انہوں نے عندیہ ضرور دیا تھا۔
انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں ٹینس سے دور ہو رہی ہوں‘ تاہم انہوں نے یہ تصدیق نہیں تھی کہ یو ایس اوپن ان کا آخری کھیل ہوگا۔ 
سخت مقابلہ کرنے والی مشہور 40 سالہ امریکی ٹینس سٹار سیرینا ولیمز اب تک 23 اہم ٹائٹل حاصل کر چکی ہیں اور ان کا شمار ٹینس کے بہتریں کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں کل 20 گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیتے ہیں۔
ارجنٹائن کو فیفا ورلڈ کپ جتوانے والے لیونل میسی
اس سال کا اختتام ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان اعصاب شکن مقابلے سے ہوا جس میں ارجنٹائن کے سپر سٹار لیونل میسی نے ایک مرتبہ پھر اپنا لوہا منوایا۔
فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اس فتح کے ساتھ ارجنٹائن 36 سال بعد فٹ بال ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجانے میں کامیاب ہوا ہے۔

شیئر: