ہندوستانی سیاحوں نے امریکہ میں 13بلین ڈالر خرچ کئے
کولکتہ .... ہندوستانی سیاحوں نے 2016ءمیں امریکہ کی سیاحت کے دوران 13بلین ڈالر سے زیادہ خرچ کئے۔ یہ بات کولکتہ میں امریکی سفارتخانے کے تجارتی امور کے قونصلر نے بتائی۔ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اعدادوشمار عبوری ہیں جبکہ اصل اعدادوشمار کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ ان سے فروری میں کنساس میں ہونے والے ایک واقعہ کے بارے میں پوچھا گیا جس میں ہند نژاد امریکی انجینیئر سری نواس کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ قونصلر کا کہناتھا کہ امریکہ تربیت یافتہ ہندوستانی سیاحوں کا ہمیشہ خیر مقدم کرتا رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اس امر کی قیاس آرائی نہیں کرسکتا کہ کن لوگوں کو سفر کرنا چاہئے۔ کنساس سٹی میں مجھے ہندوستانی کمیونٹی سے ملاقات کا موقع ملا ہے۔ ہم امریکہ میں ہندوستانی تاجرو ںکا بھی خیر مقدم کرتے رہیں گے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئیگی۔ اس سیاحت کے نتیجے میں ہی امریکہ میں 62500ملازمتیں پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔