Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے گولڈن اقامے کا دائرہ بڑھا دیا، چھ نئی کیٹگریز شامل

امیدواروں کو گولڈن اقامہ دس سال کے لیے دیا جائے گا( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات نے گولڈن اقامے میں مزید چھ زمروں کو شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق سرکاری ویب سائٹ پر بتایا گیا کہ گولڈن اقامے کی درخواست مزید چھ زمروں والے افراد جلد دے سکیں گے۔ اس حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا۔ 
 جن امیدواروں کو گولڈن اقامے کی منظوری دی جائے گی۔ ان کا اقامہ 10 سال کے لیے ہو گا۔ 
یاد رہے کہ ابوظبی میں سرمایہ کاروں اور منفرد صلاحیت کے حامل افراد کو طویل مدتی گولڈن اقامہ دیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد انہیں آئندہ برسوں کے دوران ابوظبی میں رہنے اور کام کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ 
جن چھ نئی کیٹگریز کو گولڈن اقامہ حاصل کرنے کی سہولت دی جائے گی۔ ان میں ممتاز سکالرز اور مذہبی رہنما شامل ہوں گے۔ امیدواروں کو ثقافت اور نوجوانوں کی وزارت یا متعلقہ مقامی حکام کی جانب سے سفارشی خط پیش کرنا ہو گا۔
نئی کیٹگری میں صنعت اور چوتھے صنعتی انقلاب کے شعبوں کے منفرد ماہرین کو بھی گولڈن اقامے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ اس کے لیے بھی امیدواروں کو وزارت صنعت و ٹیکنالوجی یا متعلقہ مقامی حکام سے سفارشی خط پیش کرنا ہو گا۔
 صحت نگہداشت کے ماہرین وزارت صحت یا ابوظبی محکمہ صحت سے سفارشی خط جمع کرائیں یا امارات میں صحت نگہداشت سروس فراہم کرنے کے حوالے سے موثر پرمٹ موجود ہو۔ 
نئی کیٹگریز میں تعلیمی شعبے کے ماہرین کو بھی گولڈن اقامہ حاصل کرنے کا موقع دیا جائے گا بشرطیکہ وزارت تعلیم و تربیت یا ابوظبی محکمہ تعلیم سے  سفارشی خط پیش کریں۔ ابوظبی یا امارات میں تعلیم کے حوالے سے موثر پرمٹ ہونا بھی ضروری ہے۔ 
نئی کیٹگریز میں دیگر اہم شعبوں کے منتخب خداداد صلاحیت کے حامل افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے بشرطیکہ وہ وفاقی حکام یا ابوظبی کے متعلقہ حکام سے سفارشی خط جمع کرائیں۔
ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں نمایاں افراد کو بھی گولڈن اقامہ ملے گا۔ انہیں امارات کونسل فار آرٹیفشل انٹیلی جنس یا مقامی متعلقہ حکام سے سفارشی خط جمع کرانا ہو گا۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے گولڈن اقامے کے حوالے سے جو ضوابط جاری کیے تھے ان پر ستمبر سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔ ابتدا میں سات کیٹگریز میں شامل افراد کو گولڈن اقامہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

شیئر: