Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گولڈن اقامہ ہولڈرز کو زیرکفالت بھائیوں کو بھی اقامے میں شامل کرنے کی سہولت 

متحدہ عرب امارات، حکومت ابوظبی نے کہا ہے کہ ’گولڈن اقامہ ہولڈرز اپنے زیر کفالت بھائیوں کو بھی اقامے میں شامل کر سکتے ہیں۔‘ 
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی خدمات کی سرکاری ویب سائٹ ’تم‘ پر بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جس طرح گولڈن اقامہ میں ہولڈر اہل و عیال اور والدین کو شامل کیا جا سکتا ہے، اسی طرح اپنے ان بھائیوں کو بھی گولڈن اقامے کا حصہ بنایا جا سکتا ہے جن کی وہ کفالت کررہے ہوں۔‘ 
بیان کے مطابق ’ابوظبی کواس بات پر فخر ہے کہ وہ منفرد ذہن رکھنے والوں کو ترقی، کامیابی اور آگے بڑھنے کے مواقع مہیا کررہی ہے۔ گولڈن اقامہ سکیم کا اجرا اسی کا حصہ ہے۔ ابوظبی حکومت چاہتی ہے کہ گولڈن اقامہ ہولڈر کے مسائل ٹھوس بنیادوں پر حل ہوں۔‘ 
ویب سائٹ پر بیان میں کہا گیا کہ ’ریاست میں ایسا طرز حیات مہیا کیا جا رہا ہے جو اپنی مثال آپ ہے۔ ریاست چاہتی ہے کہ یہاں آنے والے تخلیق کاروں کو ذہنی سکون حاصل ہو۔‘  
یاد رہے کہ گولڈن اقامے کی میعاد دس برس ہے اور یہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور اعلٰی ذہن رکھنے والوں کو دیا جا رہا ہے۔ ان میں ہنرمند، سکالر، ڈاکٹرز، مختلف شعبوں کے ماہرین، سائنسدان اورموجد شامل ہیں۔

شیئر: