مہاشیوارتری تقریبات، 90 کے قریب ہندوؤں کی لاہور آمد
قلعہ کٹاس راس پنجاب کے ضلع چکوال میں واقع ہے (فوٹو: رائزنگ پاکستان)
انڈیا سے تقریباً 89 ہندو یاتری اپنے مذہبی تہوار میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پاکستان پہنچے والے یاتری پنجاب میں واقع کٹاس راج مندر میں مہا شیوارتری کے سالانہ مذہبی تہوار میں شرکت کریں گے۔
انڈین نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ’انڈیا سے جانے والے یاترین واہگہ بارڈز کے راستے منگل کو لاہور پہنچے۔‘
ایواکیوئے ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ جو پاکستان میں اقلیتوں کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال کرتا ہے، کے ترجمان عامر ہاشمی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ کے حکام رانا شاہد اور فراز عباس نے واہگہ بارڈر پر پہنچنے والوں کا استقبال کیا۔‘
عامر ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ یاتری چکوال روانہ ہونے سے قبل ایک روز لاہور میں گزاریں گے اور اس کے بعد چکوال روانہ ہوں گے جو تقریباً 300 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔‘
ان کے مطابق ’چکوال میں کٹاس راج مندر میں پہنچ کر یاتری اپنی مذہبی تقریبات میں شرکت کریں گے جہاں مہا شیوارتری کی مرکزی تقریب جمعرات کو ہو گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس حوالے سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔‘
ہندو یاتریوں کے رہنما سنجیو کمار کا کہنا ہے کہ ’ہمیں پاکستان میں بہت پیار ملا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ای ٹی پی بی ہمارے مقدس مقامات کا اچھے طریقے خیال رکھ رہا ہے۔‘
شری کٹاس راج مندروں کو قلعہ کٹاس کے طور پر بھی جانا جاتا ہے مندر کے احاطے میں کٹاس نامی ایک تالاب بھی موجود ہے جو ہندوؤں کے لیے مقدس سمجھا جاتا ہے۔
قلعہ کٹاس راج پاکستان کے صوبے پنجاب کے خطے پوٹھوہار میں واقع ہے۔