آبی وسائل اور ماحولیاتی چیلنجز پر ریاض میں بین الاقوامی کانفرنس
کانفرنس کنگ سعود یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہورہی ہے( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں آبی وسائل اور خشک ماحول پر 10 ویں بین الاقوامی کانفرنس 26 سے 28 دسمبر تک منعقد ہو گی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کنگ سعود یونیورسٹی کے زیر اہتمام اس کانفرنس کی نمائندگی پرنس سلطان انسٹی ٹیوٹ فار انوائرمنٹل، واٹر اینڈ ڈیزرٹ ریسرچ کرے گی۔
تین روزہ کانفرنس کا انعقاد پرنس سلطان بن عبدالعزیزانٹرنیشنل پرائزفارواٹر، سلطان بن عبدالعزیز السعود فاؤنڈیشن اور وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کی شرکت کے ساتھ کیا جائے گا۔
کانفرنس کا مقصد ماحولیات، پانی اور صحراؤں کے بارے میں معلومات کو فروغ دینےکےعلاوہ بنجراورنیم خشک علاقوں میں جدید تکنیکوں کا استعمال کرنا، فیصلہ سازوں، ماہرین اورسائنسدانوں کے درمیان تجربات کا تبادلہ کرنا ہے تاکہ پانی اورماحولیات سے متعلق چیلنجوں کا حل تلاش کیا جا سکے۔
کانفرنس کے مقاصد اور موضوعات سعودی وژن 2030 کے مطابق ہیں جن میں مملکت کے ماحولیات، پانی کی فراہمی اور تحفظ کے حوالے سے تشویش اور سعودی عرب کے اعلان کردہ انیشیٹوز خاص طور پر سعودی گرین انیشیٹو شامل ہیں۔
پرنس سلطان بن عبدالعزیز انٹرنیشنل پرائز فارواٹر کے فاتحین اپنی تازہ ترین تحقیق اورکامیابیوں کا جائزہ لینےکے لیے کانفرنس کے سائنسی سیشن میں شرکت کریں گے۔
دیگر شرکا میں سائنسدان اورنامور شخصیات شامل ہیں جو کانفرنس کے اہم موضوعات بشمول آبی وسائل اورمینجمینٹ، خشک ماحول اوران کے قدرتی وسائل کے مطالعہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق لیکچر دیں گے۔