Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارجنٹائن میں 1000 کے نوٹ پر لیونل میسی کی تصویر؟

لیونل میسی کا کہنا ہے کہ وہ ارجنٹائن کے لیے مزید فٹ بال کھیلنا چاہتے ہیں۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)
ارجنٹائن میں فٹ بال ٹیم کی ورلڈ کپ میں جیت کے بعد ملک بھر میں جشن کا سلسلہ جاری ہے اور اپنی ٹیم کو 36 سال بعد ورلڈ چیمپیئن بنانے والے کپتان لیونل میسی بھی دنیا بھر میں خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق ارجنٹائن کی حکومت فٹ بال ٹیم کے کپتان کو اعزاز بخشنے کے لیے مقامی کرنسی نوٹ پر لیونل میسی کی تصویر چھپوانے پر غور کر رہی ہے۔
اس حوالے سے میکسیکو کے اخبار ’ایل فائننسیارو‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ارجنٹائن کا مرکزی بینک ملک کے ہیرو کے اعزاز میں 1000 پیسو کا ایک ایسا کرنسی نوٹ ڈیزائن کرنے پر غور کر رہی ہے جس پر لیونل میسی کی تصویر بنی ہوگی۔
لیکن دنیا بھر میں لیونل میسی کے پرستاروں سے انتظار کرنا مشکل ہو رہا تھا اور ان میں سے کچھ لوگوں نے خود ہی 1000 پیسو کے کرنسی نوٹ کا ایک ڈیزائن بنایا اور اب وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
تاہم ارجنٹائن کی حکومت یا مرکزی بینک کی جانب سے لیونل میسی کی تصویر والے نوٹ کو جاری کرنے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
خیال رہے ارجنٹائن کی ٹیم نے قطر میں کھیلے گئے فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر 2-4 سے ہرایا تھا۔
ارجنٹائن کے 35 سالہ کپتان لیونل میسی فی الحال ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اپنا وقت اپنے آبائی علاقے روزاریو میں گزار رہے ہیں اور انہوں نے یہ اعلان کر رکھا ہے کہ وہ ارجنٹائن کی ٹیم کے لیے ابھی اور کھیلنا چاہتے ہیں۔

شیئر: