Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد نے کاپی رائٹ کی قومی حکمت عملی جاری کر دی

سعودی کابینہ اس سے قبل منظوری دے چکی ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کاپی رائٹ کی قومی حکمت عملی جاری کردی۔ مقصد تخلیق اور اچھوتے پن پر مبنی معیشت کو فروغ دینے والے افکار کی ملکیت کا موثر نظام تیار کرنا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے جو اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل کے سربراہ بھی ہیں کہا کہ ’سعودی عرب  کاپی رائٹ کی قومی حکمت عملی کے ذریعے آئندہ پانچ برس کے دوران تخلیقی افکار اور اچھوتے خیالات کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کرے گا‘۔ سعودی کابینہ اس سے قبل کاپی رائٹ کی قومی حکمت عملی کی منظوری دے چکی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’ہمارے یہاں تخلیق اور اچھوتے پن میں گہری دلچسپی رکھنے والی شخصیات اور عقل مند ہستیاں ہیں۔ سعودی عرب اچھوتے افکار و خیالات کی مالک شخصیتوں کو سہارا دے کر اپنے یہاں مربوط کاپی رائٹ نظام کے ذریعے علمی معیشت کا زرخیز ماحول بنے گا۔ اس کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی اور صنعتوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔ اداروں کے  فروغ میں معاونت حاصل ہوگی۔ علاوہ ازیں کاپی رائٹ کی قومی حکمت عملی، تخلیق کاروں اور اچھوتے افکار کے علمبرداروں کے حقوق کے حوالے سے  آگہی کا معیار بلند کرے گی۔ اعلی درجے کی ملازمتیں پیدا ہوں گی اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی‘۔
تخلیقی عمل کے فروغ اور جدت طرازی کو چمکانے کی خاطر کاپی رائٹ کی قومی حکمت عملی چار بنیادی ستونوں پر استوار کی گئی ہے۔ کاپی رائٹ کا اہتمام، اس کا انتظام، کاپی رائٹ کی کمرشل سرمایہ کاری اور کاپی رائٹ کا تحفظ قومی حکمت عملی کے چار ستون ہیں۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ سرکاری ادارے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے اور یکجہتی پیدا کرکے قومی حکمت عملی کے چاروں بنیادی عناصرکے لیے کام کریں گے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: