گورنر پنجاب نے وزیراعلٰی پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا
گورنر نے 19 دسمبر کو وزیراعلٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کی۔ (فائل فوٹو)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے وزیر اعلٰی پرویز الٰہی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
گورنر پنجاب نے پرویز الٰہی کو ڈی نوٹی فائی کرنے کا آرڈر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیا۔
اس آرڈر کے مطابق گورنر نے 19 دسمبر کو وزیراعلٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کی۔
حکم نامے کی عبارت کے مطابق ’21 دسمبر سہ پہر چار بجے کے لیے وزیراعلٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا گیا۔ تاہم 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود انہوں نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا۔ لہذا آئین کے آرٹیکل 30 کی رو سے کابینہ کو ختم کیا جاتا ہے۔‘
اس آرڈر میں مزید یہ کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلٰی پرویز الٰہی نئے وزیراعلٰی کے انتخاب تک اپنا کام جاری رکھیں۔ اس حکم نامے کی ایک کاپی چیف سیکریٹری پنجاب کو بھی بھیجی گئی ہے جس میں اس آرڈر پر عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔