Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لب پہ آتی ہے۔۔۔‘،انڈیا میں ’دعائیہ کلام پڑھانے پر‘ سکول پرنسپل معطل

پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا کی ریاست اترپردیش کے ایک سرکاری سکول میں طلبہ کے علامہ اقبال کا دعائیہ کلام پڑھنے کی شکایت پر پرنسپل کو معطل کر دیا گیا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اترپردیش کے ضلع بریلی میں دائیں بازو کے گروپوں کی جانب سے پولیس کو شکایت کی گئی تھی کہ سکول میں بچوں نے علامہ اقبال کا دعائیہ کلام ’لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری‘ پڑھا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
سوشل میڈیا پر سکول کے طلبہ کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں انہیں یہ کلام پڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد محکمہ تعلیم نے سکول کے پرنسپل کو معطل کر دیا ہے۔
ویڈیو کلپ کا جو حصہ وائرل ہو رہا ہے اس میں سکول کے بچوں کو مذکورہ کلام کی ایک سطر ’میرے اللہ برائی سے بچانا مجھ کو‘ پڑھتے سُنا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس لیے مقدمہ درج کیا ہے کیونکہ ’نماز سرکاری سکولوں کے شیڈول کا حصہ نہیں۔‘
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کی بنا پر پرنسپل کو معطل کیا گیا ہے اور وہ اس معاملے کی انکوائری کریں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2019 میں ریاست کے پیلی بھت ضلع میں ایک ہیڈ ماسٹر کو بھی اس وقت معطل کر دیا گیا تھا جب  طلبہ نے یہ کلام پڑھا تھا۔

شیئر: