لزبن..... مقامی شاہراہ پر ایک موٹر سائیکل سوار تیز رفتاری کے سبب حادثہ کر بیٹھا۔ مگر اسکے باوجود اسکی ذہنی حالت اتنی اچھی رہی کہ اس نے اپنی جان بچانے کیلئے سامنے سے گزرنے والی کار پر چھلانگ لگادی۔ کار پر اچھل کر چڑھنے کی وجہ سے اسکی ایک کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ جس کے بعد اس کی رفتار کم ہوگئی۔ کہا جاتا ہے کہ حادثے کے وقت اسکا ایک ساتھی بھی پیچھے پیچھے موٹر بائیک چلا رہا تھا اور اس نے موقع کی وڈیو اتار کر جاری کردی ہے۔جاری ہونے والی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چرمی لباس میں ملبوس نوجوان کار کے پچھلے حصے پر گرنے کے بعد اپنا توازن برقرار رکھنے کی کوشش کررہا تاہم گاڑی کی رفتار سست ہوچکی تھی اسلئے اسے کوئی خاص تکلیف نہیں ہوئی۔ وڈیو تیار کرنے والا دوست بھی موقع پر رک گیا اور وہ بالکل محفوظ رہا۔ کہا جاتا ہے کہ یہ حادثہ اسپیڈ بریکر کو نہ دیکھ کر اس پر رفتار سے چڑھ جانے کے نتیجے میں پیش آیا تھا۔ وڈیو دیکھنے والے اسے موٹر سائیکل سوار کے اندازے کی شدید غلطی قرار دے رہے ہیں۔گاڑی پر گرنے کے بعد اسے یقینا چوٹ لگی ہوگی مگر جب گاڑی رک گئی تو اس پر سے وہ خود ہی اترنے میں کامیاب رہا جس سے لگتا ہے کہ وہ کافی زخمی نہیں ہواتھا۔ پولیس کا کہناہے کہ اسے اس حادثے کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے سوشل میڈیا و الوں نے نوجوان کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ شاید سرفنگ کا نیا انداز دکھا رہا تھا ۔ واضح ہو کہ گزشتہ سال جنوبی برازیل میں بھی اسی طرح ایک شخص وین کی کھلی کھڑکی سے نکل کر کئی فٹ اوپر اچھل گیاتھا تاہم موت سے بچ گیا تھا۔